Loading
انسانوں میں سے بعض گمان رکھتے ہیں کہ ’’سائنس‘‘، انسانی تجربات اور مشاہدات پر مبنی علم ہے۔ اسی غلط فہمی کی بنیاد پر وہ بڑے فخر سے اس علم کو ’’خدا‘‘ کے درجے پر فائز سمجھے ہوئے ہیں۔ آئیے اس آدھی بات اور آدھے سچ کو پوری بات اور پورے سچ تک بڑھاتے ہیں تاکہ ’’بعض انسانوں‘‘ اور ’’سائنس‘‘ دونوں کا قبلہ درست ہوجائے۔
سائنس انسانی تجربات اور مشاہدات کا ہی علم ہے لیکن کیا کبھی آپ نے اس بات پر بھی غور کیا ہے کہ انسان کس ہستی کی بنائی اشیاء پر یہ تجربات اور مشاہدات کرتا رہا ہے؟ انسان اﷲ کی بنائی ہوئی مادی و غیرمادی اشیاء اور ان سے متعلق اﷲ کے قوانین پر اپنے مشاہدات اور تجربات کے نتیجے میں ہونی والی دریافتوں کو اپنے قوانین کے نام سے موسوم کرتا رہا ہے اور یہ تاثر دیا جاتا رہا ہے کہ یہ سب ’’سائنس‘‘ کے قوانین ہیں جب کہ درحقیقت وہ اﷲ کے قوانین اور انسانوں کے حوالے سے محض ان کی دریافتیں تھیں۔
نیوٹن کے قوانین حرکت میں سے ایک کو لے لیں۔ ہر لگائی گئی قوت کا رد ء عمل برابر مگر مخالف سمت میں ہوتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا نیوٹن نے اپنے تجربات اور مشاہدات کے بعد، یہ اصول طے کر کے کائنات میں رائج کیا تھا یا اس نے پہلے سے رائج شدہ، اﷲ کے اس قانون کو دریافت کیا ہے؟
سائنس کے مطابق ’’کرنٹ‘‘ دراصل الیکٹرونز کے بہاؤ کو کہا جاتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا سائنس نے الیکٹرونز کے اس بہاؤ کو جاری کیا ہے یا دریافت کیا ہے؟ کیا کائنات میں پھیلی گیسز اس لیے ایک ایسے طریقے سے ردعمل دیتی ہیں کہ جو بوائلز اور چارلز کے تجربے اور مشاہدے کے مطابق ہے؟ نہیں بلکہ یہ گیسز اس نظم و ضبط اور حساب کتاب کے مطابق ردعمل دیتی ہیں جو اﷲ تعالٰی نے ان کے لیے متعین کیا ہے جب کہ بوائلز اور چارلز نے اس حساب کتاب اور نظم کو اپنے مشاہدے اور تجربے کی بنیاد پر صرف دریافت کیا ہے۔
اﷲ کی کائنات اور اس کائنات میں موجود اﷲ کی تمام مادی و غیرمادی اشیاء کے متعلق، سائنس داں صرف مشاہدات اور تجربات کی بنیاد پر اپنے اپنے نتائج اخذ کرسکتے ہیں جب کہ اس کائنات اور اس میں موجود تمام اشیاء کے متعلق قوانین، نظم اور حساب کتاب کا نفاذ صرف اور صرف اﷲ کے اختیار میں ہے۔ انسان کے حصے میں قوانین کی دریافت ہے ان کا نفاذ نہیں۔
سورہ ء فرقان آیت 2 میں اﷲ تعالٰی فرماتے ہیں: ’’اور ہر چیز کو اس نے پیدا کرکے ایک اندازہ ٹھہرا دیا ہے۔‘‘ سورہ مرسلت آیت23 میں اﷲ فرماتے ہیں:’’پھر ہم نے ایک اندازہ مقرر کیا اور ہم کیا ہی خوب اندازہ مقرر کرنے والے ہیں۔‘‘ انسانوں نے اﷲ کی پیدا کردہ، مادی اور غیرمادی اشیاء میں یہی اندازہ دریافت کیا ہے نہ کہ نافذ اور متعین کیا ہے۔ ورنہ تو یہ کائناتی امور میں ’’سائنسدانوں‘‘ کی شرکت کے برابر متصور کیا جائے گا ۔ اور یقیناً ایسا ہرگز نہیں ہے۔
میڈیکل سائنس کہتی ہے کہ انسانی جسم میں خون کا ایک بہاؤ موجود ہے اور اس کی انسان دوست سطح 120/80 ہے تو سوال ہے کہ کیا ’’سائنس‘‘ نے انسان کے اندر خون کے اس بہاؤ اور اس بہاؤ کی انسان دوست سطح کو نافذ کیا ہے یا صرف دریافت کیا ہے؟ مزید یہ کہ میڈیکل سائنس کے مطابق انسانی دل چار خانوں پر مشتمل ہے تو کیا سائنس کے اس مشاہدے کو نفاذ کہا جائے یا دریافت؟ انسانی خون کی انسان دوست بہاؤ کی مقدار اور دل کے چار خانوں کی تعداد کو اﷲ تبارک و تعالی نے نافذ و متعین کیا ہے۔
انسان کا علم فلکیات کہتا ہے کہ زمین پر کشش ثقل9.8 m/s ہے اور چاند پر کشش ثقل 1.6 m/s ہے، تو کیا علم فلکیات نے یہ دونوں کشش ثقل نافذ اور متعین کی ہیں یا انہیں محض دریافت کیا ہے؟ کیا انسان کے ایٹمی علم کی شاخ نے ایٹم کے اندر الیکٹرونز، پروٹونز اور نیوٹرونز کو نیوکلیس کے گرد مدار میں گردش کرنے پر متعین کیا ہے یا اس علم کے ذریعے، ان ایٹمی اجسام اور ان کی گردش کو محض دریافت کیا گیا ہے؟
یہ تصور بہت عام سننے کو ملتا ہے کہ آج انسان نے جتنی بھی ترقی کی ہے وہ سب ’’سائنس‘‘ کے مرہون منت ہے، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ یہ سب، سمجھ میں آ جانے والے اﷲ کے قائم کردہ اس نظم و ضبط اور حساب کتاب کی وجہ سے ہے جو اﷲ نے اپنی بنائی ہوئی ہر ایک مادی و غیرمادی آیت میں رکھ دیا ہے۔ اس حوالے سے صرف کرنٹ یعنی الیکٹرونز کے بہاؤ کی مثال پیش خدمت ہے۔ اگر ان الیکٹرونز میں اﷲ تعالٰی نے بہاؤ نہ رکھا ہوتا تو انسان کے کروڑوں برقی آلات کیسے کام کرتے؟ اور پھر صرف بہاؤ پر ہی بات موقوف نہیں ہے اگر الیکٹرونز کا سائز ایک پنگ پونگ بال جتنا بڑا ہوجاتا تو ہم اپنے برقی آلات کے سائز کو چھوٹا کیسے کرتے؟
اﷲ نے اپنی مادی آیات میں نہ صرف یہ کہ انسانی سمجھ آ جانے والا نظم اور حساب کتاب رکھا ہے بلکہ اسے انسان کے لئے قابل تسخیر بھی کردیا ہے ۔ سورہ لقمان آیت20 : ’’کیا تم نہیں دیکھتے کہ اﷲ نے زمین و آسمان کی تمام چیزوں کو تمہارے کام میں لگا رکھا ہے اور تمہیں اپنی باطنی اور ظاہری تمام نعمتیں بھرپور عطا کر رکھی ہیں۔‘‘ اس پیش کردہ آیت مبارکہ کی سچائی کا ثبوت یہ ہے کہ پوری کائنات میں صرف انسان کو، اﷲ کی مادی و غیرمادی اشیاء کے علم پر دسترس نصیب ہوئی اور اسی نے اس دسترس کا سب سے زیادہ فائدہ انسان نے ہی اٹھایا ہے۔
اﷲ تعالٰی نے اس کائنات کی ہر مادی و غیرمادی چیز کو اس قدر نپے تلے حساب کتاب اور ناپ تول کے ساتھ بنایا ہے کہ اﷲ کا قائم کردہ یہ حساب کتاب، فزکس، کیمسٹری اور حساب کے علم میں حسابی مساواتوں کی صورت ہمارے سامنے ہے۔
اﷲ تعالٰی نے علم کو اپنی مادی و غیرمادی آیات میں پنہاں کرکے انسان کو بے یارومددگار چھوڑ نہیں دیا تھا بلکہ اﷲ نے انسان کو ہر زمانے میں ، درجہ بہ درجہ اس علم سے روشناس کرایا ہے۔ آیہ الکرسی میں اﷲ کا ارشاد ہے: ’’اور وہ اس کے علم میں سے کسی چیز کا احاطہ نہیں کرسکتے مگر جتنا وہ چاہتا ہے معلوم کرا دیتا ہے۔‘‘ اور معلوم اس لیے کرایا کہ اﷲ کا قرآن، اﷲ کا کلام ہے اور کائنات اﷲ کا فعل ہے۔ لہٰذا جب کبھی بھی، انسان اپنے آس پاس شعور کی نظر دوڑائے تو اسے اﷲ کے کلام اور فعل میں تضاد نہ مل سکے اور وہ جان لے کہ قرآن اور کائنات ایک ہی ہاتھ کی تحریر ہیں اور یوں وہ زبردستی نہیں بلکہ خالصتاً علمی بنیادوں پر اﷲ کی ذات کا شعور اور ادراک حاصل کرسکے۔
سورہ مائدہ کے مطابق قابیل جب اپنے بھائی کی لاش کو اٹھائے اٹھائے پھر رہا تھا تو اﷲ نے کوے کو بھیج کر اسے قبر کھودنے کا علم سکھایا اور اﷲ کی مادی آیت ’’قبر‘‘ کے متعلق صراط مستقیم کی طرف ایک غیرمحسوس طریقے سے راہ نمائی کی۔ سورۂ قریش میں اﷲ تعالٰی نے انسانوں کو مختلف موسموں سے مانوس کرنے کی صلاحیت عطاء کرنے کا ذکر کیا۔ سورۂ سبا آیت11 میں حضرت داؤد ؑ کو اﷲ کی طرف سے زرہ بنانے کا حکم (ظاہر ہے کہ جب حکم دیا ہوگا تو طریقہ بھی بتایا ہوگا جیسے ہمیں نماز کا حکم دیا ہے تو نماز کا طریقہ بھی سکھایا)، سورۂ ہود میں حضرت نوح ؑ کو ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے کشتی بنانے کا حکم، سورۂ یوسف میں اﷲ کے عطاکردہ زراعت کے علم کے ذریعے ممکنہ قحط کا مسئلہ حل کرنا۔ سورۂ کہف کے مطابق حضرت ذوالقرنین ؑ کے ذریعے انسانوں کو یاجوج ماجوج سے بچاؤ کے لیے، لوہے اور تانبے کی دھاتوں کے استعمال کے علم کی طرف راہ نمائی کی اور اس سے وہ دیوار بنائی گئی کہ جو آج تک انسانیت کے لیے یاجوج ماجوج سے بچاؤ کی ضامن ہے۔
نبی آخر حضرت محمد ﷺ کے ذریعے تیر بنانے، تیراندازی سیکھنے اور تیر کو بہترین ہتھیار قرار دینا، جنگِ خندق میں خندق کی ٹیکنالوجی کو بطور دفاع استعمال میں لانا، قرآن مجید میں سورہ الانفال آیت60 میں ’’گھوڑوں‘‘ کو تیار رکھنے کا حکم، یہ سب اﷲ کی مادی آیات کے حوالے سے اشیاء سازی کے صراط مستقیم کی راہ نمائی ہی تو تھی۔ یوں اس بات کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے طے فرمادیا گیا کہ انسانی فلاح کے لیے اﷲ کی مادی و غیرمادی آیات کا علم اختیار کرکے ٹیکنالوجی ڈیویلوپمنٹ یعنی اشیاء سازی، اﷲ کی رحمت ہے۔ (سورہ کہف آیت 98 )
صراطِ مستقیم صرف عباداتی اور اعتقاداتی تناظرات کی اصطلاح نہیں ہے۔ اﷲ کی مادی و غیرمادی آیات کے حوالے سے ’’صراطِ مستقیم‘‘ کی اصطلاح کو اس تناظر میں دیکھا جائے کہ اﷲ تعالٰی نے قرآن مجید میں دشمن سے جنگ کے لیے ’’گھوڑوں‘‘ کو تیار رکھنے کا حکم دیا ہے تو اس حوالے سے مسلمانوں کا اٹھایا ہر قدم صراطِ مستقیم ہوگا۔ اس کے علاوہ سورۂ کہف میں انسانیت کی فلاح کے لیے اﷲ کی مادی آیات کو بنانے اور ان کے استعمال کرنے کو، اﷲ کی رحمت کہا گیا ہے۔ اﷲ کی مادی آیات کے حوالے سے انسانیت کے خلاف، ناجائز عام اور ایٹمی اسلحہ کا استعمال شیطانی اور حیوانی راستہ ہے۔
مندرجہ بالا، نکات دینِ محمد ﷺ کو ایک دینِ مکمل ثابت کرنے کو کافی ہیں کہ جو نہ صرف عبادات و اعتقادات کے حوالے سے ہی نہیں بلکہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے بھی ایک کامل صراطِ مستقیم کی ہدایت کرتا ہے۔ یوں ان مستشرقین کا بھی منہ بند ہوجاتا ہے کہ جو کہتے ہیں کہ دینِ اسلام وہ کھنڈر ہے جو عصرحاضر سے بلکل بھی مطابقت نہیں رکھتا۔
حضرت آدم ؑ کے بیٹے، قابیل سے لے کر آج تک کے تمام انسانوں کو ٹیکنالوجی ڈیویلوپمنٹ کے صراط مستقیم کی راہ نمائی اﷲ فرمائے، اپنی مادی و غیرمادی آیات میں نظم و حساب کتاب کو، انسانوں کے لیے قابل فہم اور قابلِ استعمال، اﷲ بنائے، سوچنے سمجھنے کی صلاحیتیں، آنکھیں، کان اور دماغ، اﷲ عطا کرے اور ہم ہر روز اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور مدرسوں میں ’’حرکت کے قوانین‘‘ کو ’’نیوٹن‘‘ کے قوانینِ حرکت کے نام سے پڑھائیں تو کیا یہ اﷲ کے حق میں، ایک علمی خیانت نہیں ہے؟ ضرور جس نے دریافت کیا اس کا نام بھی لیا جانا چاہے، لیکن جس نے بنایا اس کا نام تک بھی لینا گوارا نہیں کیا جاتا؟ کیا انسان کے خلاف یہ مقدمہ بنتا ہے یا نہیں کہ قوانین تو اﷲ کے ہوں اور نام صرف ’’نیوٹن‘‘ کا لیا جائے؟ یہ سیدھا سادھا کاپی رائٹ کا مقدمہ بنتا ہے۔
انسان کے ’’سائنسی علم‘‘ کو ’’انسان کا علم‘‘ ، تو تب مانا جائے کہ جب وہ بغیر اﷲ کی تخلیق میں سے کچھ لیے ’’کلوننگ‘‘ کا کمال کر دکھائے۔ جب وہ اﷲ کی طرف سے انسانوں میں پہلے سے فراہم کردہ جینز کے بغیر ہی ’’جینیٹک انجنیئرنگ‘‘ کر دکھائے۔ کششِ ثقل کو 9.8 m/s کے بجائے اپنی مرضی کے ہندسوں میں تبدیل کر دکھائے، جب اﷲ کی ’’یورینیم‘‘ استعمال کرنے کے بجائے ’’مٹی کی اینٹ‘‘ میں سے تاب کاری کا عمل جاری کردکھائے۔ جب انسان، سورۂ رحمٰن میں آیت33 ، میں، اﷲ کے فرمان کے برعکس کہ ’’اے جن انس اگر تم اس زمین و آسمان کے کناروں سے باہر نکلنا چاہو تو اس کے لیے بڑا زور چاہیے اور بغیر زور کے تم نہیں نکل سکتے۔‘‘ انسان صرف اپنے ’’سائنس کے علم‘‘ کی طاقت سے بغیر زور کے زمین کے مدار سے نکل کر دکھا دے۔
انسان کا سائنسی علم یہ چیلینج کبھی بھی قبول نہیں کرے گا کیوںکہ انسان ان حدودوقیود کا پابند ہے جو اﷲ تبارک وتعالٰی نے اس کے لیے مقرر کردی ہیں۔ اﷲ کی مادی و غیرمادی آیات میں پنہاں اﷲ تعالٰی کا حساب کتاب اور نظم وہ حدود ہیں کہ جن کی پاس داری انسان کی ’’سائنس‘‘ کو ہر صورت کرنی ہے ۔ لہٰذا یہ کہنا کہ ‘‘سائنس‘‘ صرف انسانی تجربات اور مشاہدات کا علم ہے ایک آدھی ادھوری بات ہے لیکن جب ہم یہ کہیں کہ سائنس انسانی تجربات اور مشاہدات کا ہی علم ہے مگر یہ تجربات اور مشاہدات اﷲ کے اس نظم اور حساب کتاب سے متعلق ہوتے ہیں جو اس نے اپنی کائنات کی ہر شئے میں جاری و ساری کردیا ہے۔ اس زاویے سے دیکھا جائے تو ’’سائنس‘‘ دراصل، سورۂ فرقان اور سورۂ مرسلت کی روشنی میں، اشیاء میں اﷲ کے قائم کردہ نظم اور حساب کتاب کو تجربات اور مشاہدات کے ذریعے، جاننے کا علم ہے۔ لہٰذا اگر ’’بعض انسان‘‘ اپنی ’’سائنس‘‘ کو اس زاویے پر لے آئیں تو ان ’’انسانوں‘‘ اور ان کی ’’سائنس‘‘ کا قبلہ درست ہوجائے گا۔
دو مزید وضاحتیں بھی ضروری ہیں کہ اﷲ کی مادی و غیرمادی آیات ارتقاء پذیر نہیں ہیں بلکہ انسان کا ’’سائنسی علم‘‘ ارتقاء پذیر ہے۔ انسان شروع ہی سے انسان ہی ہے اور باقی سب جان دار بھی اسی ڈھب پر ہیں، اسی نظم اور حساب کتاب پر ہیں، جو اﷲ تعالٰی نے ان کے لیے طے کردیا ہے۔ اس لیے کہ اﷲ کی مادی و غیرمادی آیات، اﷲ کے علم کا نتیجہ ہیں اور اﷲ کا علم ارتقاء پذیر نہیں ہے۔
دوسرا یہ کہ علم اﷲ کی علمی و مادی آیات کی صورت اپنی کلیت میں ایک اکائی ہی ہے ہماری نیت اسے دینی یا دنیاوی بناتی ہے۔ اﷲ کی علمی آیات قرآن مجید اور مستند ترین احادیث ﷺ پر مشتمل ہیں جب کہ اﷲ کی مادی آیات کا علم فزکس، کیمسٹری، اناٹومی، بیالوجی اور حساب وغیرہ کی صورت فی زمانہ میسر کردیا گیا ہے۔
آج امتِ مسلمہ کو اﷲ نے اپنی علمی آیات کا بہترین علم عطا کیا ہے لیکن مسلمان آپس کی ضد کے باعث انتشار کا شکار ہیں جب کہ دوسری طرف اہل مغرب اور یہودیوں کو اﷲ نے اپنی مادی آیات کا بہترین علم عطا کیا ہے لیکن انہوں مسلمانوں کے ساتھ ضد کی وجہ سے اسلام کا انکار کر رکھا ہے۔ سورہ ء جاثیہ آیت 17: ’’پھر انہوں نے اپنے پاس علم آ چکنے کے بعد آپس کی ضد کے باعث اختلاف برپا کردیا۔‘‘
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل