Thursday, November 19, 2026
 

امریکا میں مندر پر حملے کی کوشش؛ ملزم کیخلاف عدالت میں سماعت شروع

 



امریکی ریاست الینوائے میں ہندو مندر پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے 19 سالہ نوجوان نے عدالت میں دہشت گردی اور دیگر الزامات مسترد کردیے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ملزم الیکسینڈروس پاپوراکس پر الزام ہے کہ اس نے 11 اکتوبر کو ہندوؤں کے مذہبی تہوار نوراتری کے پہلے روز شہر اورورا میں واقع سری وینکٹیشورا سوامی مندر پر حملے کی کوشش کی۔ عدالت کو بتایا کہ ملزم مندر کی پارکنگ میں پہنچا اور وہاں موجود ایک شخص پر فائرنگ کرنا چاہی لیکن اس کی بندوق جام ہوگئی اور گولی چل نہ سکی۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم نے اس ناکام کوشش کے بعد میں اپنے ایک ساتھی کو بتایا کہ وہ مندر پر دوبارہ حملے کی کوشش کرے گا تاہم اسے اسی روز گرفتار کرلیا گیا۔ استغاثہ کا کہنا ہے کہ ملزم نے ایک تحریر میں خود کو نو نازی اور سفید فام برتری کا حامی قرار دیا تھا اور غیر سفید فام افراد کو قتل کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کا مقصد بھارتی تارکین وطن کو خوف زدہ کرنا تھا۔ ملزم کے گھر سے رائفل، گولیاں، حفاظتی جیکٹ اور سفید فام انتہا پسندی سے وابستہ نشانات والا ایک بیج بھی ملا تھا۔ ملزم کے وکیل فیڈور کوزلوف نے بتایا کہ ان کے موکل نے تمام الزامات سے انکار کیا اور مقدمے کی سماعت جیوری کے ذریعے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان الزامات میں دہشت گردی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرائم شامل ہیں جن پر زیادہ سے زیادہ عمر قید ہوسکتی ہے۔ ملزم تاحال حراست میں ہے اور اسے 7 جنوری کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس پر تاحال نفرت پر مبنی جرم کا الزام عائد نہیں کیا گیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل