Loading
کراچی کے ضلع ملیر کی پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) میں تعینات پولیس انسپکٹر شہری کے اغوا میں ملوث نکلا تاہم انہیں ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ترجمان ضلع ملیر پولیس نے بتایا کہ ملیر کینٹ پولیس نے اغوا کے الزام میں پولیس انسپکٹر کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا ہے، جس کی شناخت رسول بخش کٹھیان کے نام سے ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار پولیس انسپکٹر اے وی ایل سی لیاقت آباد میں ڈی آئی او تعینات تھا، اسی طرح گرفتار دوسرا ملزم فیصل صداقت انسپکٹر کا پرائیویٹ ساتھی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان نے 14 نومبر کو شہری محمد شان کو ملیر کینٹ کی حدود سے اغوا کیا تھا اور اغوا کاروں نے 24 گھنٹے بعد ایک کروڑ روپے تاوان لے کر مغوی کو چھوڑ دیا تھا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ مغوی کی نشان دہی پر دونوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور مقدمہ اے وی سی سی کے حوالے کردیا گیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل