Loading
سکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں ایک آپریشن کے دوران 6 خوارج ہلاک ہو گئے جب کہ ایک میجر اور سپاہی نے شہادت کا رتبہ پالیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 اور 30 جنوری کی شب سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں (خوارج) کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے جنرل ایریا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ فورسز کی کارروائی میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 6 خوارج جہنم واصل ہو گئے جب کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے میجر اور ایک سپاہی نے بھی شہادت کا رتبہ پا لیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں بہادر افسر میجر حمزہ اسرار (عمر 29 سال، ساکن ڈسٹرکٹ راولپنڈی) جو دستے کی قیادت کررہے تھے شہید ہو گئے۔سپاہی محمد نعیم (عمر 26 سال، ساکن ڈسٹرکٹ نصیر آباد) بھی دہشت گردوں کے ساتھ بہادری سے لڑتے ہوئے وطن کی خاطر جان قربان کرگئے اور شہادت کو گلے لگایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا۔ پاک فوج ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ترجمان کے مطابق ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل