Loading
ماہرین نے زندگی کے مختلف شعبہ جات میں بہتری کے لیے ماحول دوست گرین سمنٹ کے استعمال پر زور دیا ہے۔ جامعہ این ای ڈی اور انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان کے تحت دو روزہ گلوبل گرین کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سمیت ملکی و غیر ملکی ماہرین نے شرکت کی۔ خالد مقبول صدیقی نے اپنے خطاب میں کم قیمت ’گرین تعمیراتی سمنٹ(ایل سی تھری)‘ کو ماحول دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی ہم سب کو متاثر کررہی ہے، جو ہوسکا وہ ماحول کی بہتری کے لیے کریں گے، انڈسٹری، اکیڈمیا، حکومت سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز پاکستان کے چیئرمین انجینئر سہیل بشیر، وائس چانسلر سروش حشمت لودھی، پروائس چانسلر ڈاکٹر محمد طفیل، ڈین ڈاکٹر نعمان احمد، چیئر مین سول انجینئرنگ ڈاکٹر عبدالجبار سانگی، کانفرنس سیکریٹری ڈاکٹر طارق جمیل نے بھی استقبالیہ سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ گرین سمنٹ سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کی تخفیف ممکن ہے جو دنیا بھر کے لیے ماحول دوستی کا اعلان قرار دیا جا رہا ہے۔ ہر شعبہ ہائے زندگی کی بہتری اس گرین سمنٹ کے استعمال میں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی تعمیراتی صنعت کی بہتری کے لیے جدید بنیادوں پر یہ گرین سمنٹ بنانا ہوگا۔ سوئٹزرلینڈ سے آئے کی نوٹ اسپیکرز ڈاکٹر کیرن اور ماہر تعمیراتی صنعت لارینٹ ڈومینک نے گرین سمنٹ کی افادیت پر زُور دیا۔ خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ڈاکٹر طارق جمیل اور ٹیم نے پاکستان کی تعمیراتی دنیا میں سنگ میل عبور کیا ہے۔ کانفرنس کے اختتامی سے کی نوٹ اسپیکرز سمیت سی او او پاور سمنٹ احسن انیس، ڈین ڈاکٹر اسد ارحمان، چیئرمین سول ڈاکٹر عبدالجبار سانگی، سینئر سائنس دان محمد امجد سمیت سیکریٹری کانفرنس ڈاکٹر تہمینہ ایوب نے بھی خطاب کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل