Saturday, February 22, 2025
 

پرویز خٹک نے عمران خان کو پاکستان کا سب سے بڑا جھوٹا قرار دے دیا

 



سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے عمران خان کو پاکستان کا سب سے بڑا جھوٹا قرار دے دیا۔   سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے اپنے آبائی گاؤں مانکی شریف میں بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کوئی مذاق نہیں کہ ہر کوئی عوام کی خواہشات کے مطابق خدمت کرے۔ مجھے بہت خوشی ہورہے کہ صوبے کے عوام گزشتہ انتخابات میں غلط اور نااہل لوگوں کو ووٹ دے کر اب رو رہے ہیں۔   پرویز خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں خیبر پختونخوا کے عوام کی بھرپور خدمت کی، گاؤں گاؤں بجلی اور پینے کا صاف پانی پہنچایا، زرعی زمینوں کے لیے ٹیوب ویل لگوائے، گلیاں اور سڑکیں پکی کروائیں، اسپتال اپگریڈ کیے اور اسکول قائم کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے دن رات سیاست کے لیے کام کیا اور عوام کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ ترجیح دی۔   سابق وزیر اعلیٰ نے عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا جھوٹا عمران خان ہے، جس نے جھوٹے وعدوں کے ذریعے عوام سے ووٹ حاصل کیے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے ارکان جلد ہی عوام کے دباؤ کی وجہ سے بھاگنے پر مجبور ہو جائیں گے۔   پرویز خٹک نے جلسے کے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ وہ عوام کی خدمت کے لیے ہمیشہ حاضر ہیں اور ان کے حقوق کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل