Loading
پنجاب بھر میں پری مون سون کا نیا سلسلہ شروع ہو رہا ہے، جس کے مطابق ماہرین نے آئندہ 5 دن کے لیے موسم کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ لاہور سمیت صوبے بھر میں پری مون سون بارشوں کا نیا سسٹم آج دوبارہ پاکستان میں داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث اگلے 4سے 5 روز تک وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارشوں کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ آج لاہور شہر شدید حبس کی لپیٹ میں ہے، دن کے اوقات میں ہلکی بارش جب کہ رات گئے تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ موسم کی یہ خوشگوار تبدیلی شہریوں کے لیے کسی حد تک سکون کا سبب بن سکتی ہے، تاہم متعلقہ اداروں کے لیے یہ ہنگامی صورت حال کی وجہ بھی بن سکتا ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں آج کم سے کم درجہ حرارت 26 جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔ گزشتہ روز ہونے والی بارش سے نہ صرف شہری زندگی متاثر ہوئی بلکہ لاہور ڈیویلپمنٹ پروگرام بھی شدید متاثر ہوا۔ متعدد مقامات پر ترقیاتی کاموں کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ بلدیہ عظمیٰ لاہور کی جانب سے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کو آج (30 جون) تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جبکہ واسا نے اپنے منصوبے 31 جولائی تک مکمل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ ترقیاتی کام بروقت مکمل نہ ہوئے تو مون سون کی بارشوں کے دوران صورت حال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ بارش کے اس نئے سلسلے کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل