Friday, July 04, 2025
 

کراچی، پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان دو مختلف مقابلوں میں 3 زخمی سمیت 5 ڈاکو گرفتار

 



شہر قائد کے علاقے عزیزآباد اور پاک کالونی پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد 3 زخمی سمیت 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔  تفصیلات کے مطابق عزیزآباد پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کریم آباد فرنیچر مارکیٹ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ، زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔  ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 30 سالہ شہروز ولد مجاہد کے نام سے کی گئی ، دوسرے گرفتار ملزم نے اپنا نام شارق ولد راجو بتایا۔  گرفتار ملزمان سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فونز ، نقد رقم اور موٹرسائیکل برامد کی گئی۔  دوسرا مقابلہ پاک کالونی میں ہوا جہاں پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب جہان آباد شیرشاہ پل کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 زخمی سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔  زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا ، ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت 18 سالہ ثقلین ولد قاسم اور 19 سالہ جبار ولد جاوید کے ناموں سے کی گئی جبکہ تیسرے گرفتار ملزم نے اپنا نام کاشف ولد شیر دال خان بتایا۔  گرفتار ملزمان سے 2 پستولیں بمعہ گولیاں ، موبائل فونز ، نقد رقم ، منشیات اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل