Friday, July 04, 2025
 

برمنگھم: شبمن گل کی ڈبل سنچری، کئی ریکارڈز پاش پاش

 



بھارتی ٹیسٹ کپتان شبمن گل نے انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں شاندار ڈبل سنچری اسکور کرکے متعدد ریکارڈز اپنے نام کرلیے۔ برمنگھم میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن شبمن گل نے 269 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری ہے۔ 269 رنز کی اس اننگز کے ساتھ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑی اننگز کھیلنے والے بھارتی کپتان بن گئے۔ اس سے قبل یہ اعزاز ویرات کوہلی کے پاس تھا، جنہوں نے 2019 میں 254 رنز بنائے تھے۔ 25 سالہ شبمن گل انگلینڈ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے بھارتی کپتان بن گئے ہیں۔ انہوں نے محمد اظہر الدین کا 35 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا جنہوں نے 1990 میں مانچسٹر میں 179 رنز بنائے تھے۔ اس کے علاوہ شبمن گل نے سنیل گواسکر کا 1979 میں اوول میں بنایا گیا 221 رنز کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا، یوں وہ انگلینڈ میں کسی بھی بھارتی بیٹر کی سب سے بڑی ٹیسٹ اننگز کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ بھارت نے پہلی اننگز میں 587 رنز بناکر آؤٹ ہونے کے بعد میچ پر گرفت مضبوط کرلی ہے جبکہ انگلینڈ نے دوسرے دن کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنائے۔ واضح رہے کہ میزبان انگلینڈ کو پانچ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل