Loading
انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا رجحان جاری ہے تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور قدر مستحکم رہی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ملٹی لیٹرل اور تجارتی قرض حاصل ہونے کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے کے باوجود انٹربینک مارکیٹ میں درآمدی نوعیت کی طلب بڑھنے کی وجہ سے ایک روزہ وقفے کے بعد جمعہ کو ڈالر کی قدر میں دوبارہ اضافے کا رحجان غالب رہا۔ انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران اچھے فنڈامینٹلز کی وجہ سے ڈالر کی قدر ایک موقع 11پیسے کی کمی سے 283روپے 75پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن امریکی جاب ڈیٹا بہتر ہونے سے خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے، مقامی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ، افراط زر کی شرح بتدریج بڑھنے کے خدشات اور درآمدی شعبوں کی جانب سے زرمبادلہ کی طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 10پیسے کے اضافے سے 283روپے 96پیسے کی سطح پر بند ہوئی تاہم اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 286روپے 40پیسے کی سطح پر مستحکم رہی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل