Saturday, July 12, 2025
 

کراچی، ملیر ندی کے قریب پڑے ڈرم سے خاتون کی جھلسی ہوئی تشدد زدہ لاش برآمد

 



شہر قائد کے علاقے شرافی گوٹھ میں ملیر ندی کے پاس واقع سڑک پر پڑے ہوئے پلاسٹک کے ڈرم سے خاتون کی ہاتھ پاؤں بندھی تشدد زدہ جھلسی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے جس کا چہرہ بھی جلا ہوا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ملیر ندی کے قریب روڈ پر پڑے ڈرم سے لاش برآمد ہوئی ہے، سفاک ملزمان نے خاتون کی شناخت مٹانے کے لیے اس کا چہرہ بھی جلا دیا تھا۔  لاش کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر مقتولہ کی لاش ڈرم سے نکال کر ضابطے کی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا۔ اس حوالے سے ایس ایچ او شرافی گوٹھ راؤ خالد نے بتایا کہ پلاسٹک کے نیلے رنگ کے ڈرم سے ملنے والی خاتون کی لاش کا چہرہ بھی جھلسہ ہوا ہے جبکہ نامعلوم ملزمان نے خاتون کو قتل کرنے کے بعد اس کے ہاتھ پاؤں باندھ کر پلاسٹک کے ڈرم میں بند کر کے اس کی لاش ہفتے کو ہی مذکورہ مقام پر پھینکی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ جس مقام پر خاتون کی ڈرم میں بند لاش ملی اس کے سامنے آبادی تھی اور لوگوں ڈرم دیکھ کر اور اس میں سے تعفن اٹھنے پر مدد گار 15 پولیس کو اطلاع دی جس نے موقع پر پہنچ کر ڈرم کو کھول کر دیکھا تو اس میں سے خاتون کی لاش نکلی۔  پولیس کو شبہ ہے کہ نامعلوم ملزمان رکشے یا سوزوکی پک اپ سمیت کسی گاڑی کی مدد سے ڈرم میں رکھی لاش مذکورہ مقام پر لیکر آئے اور پھینک کر فرار ہوئے ہیں۔  پولیس نے کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے دستیاب شواہد حاصل کیے ہیں جبکہ فوری طور پر خاتون کی شناخت نہیں ہو سکی جس کی عمر 30 سے 40 سال کے درمیان بتائی جاتی ہے۔ لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جا رہا ہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد ہی وجہ موت کا تعین کیا جا سکے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل