Monday, July 14, 2025
 

محمد سراج پر آئی سی سی کا بھاری جرمانہ، ڈی میرٹ پوائنٹ بھی لگا دیا

 



آئی سی سی نے قوانین کی خلاف ورزی پر بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج پر بھاری جرمانہ عائد کرنے ساتھ ڈی میرٹ پوائنٹ بھی لگا دیا۔ لارڈز ٹیسٹ کے چوتھے دن انگلش بلے باز بین ڈکٹ کی وکٹ لینے کے بعد جشن مناتے ہوئے محمد سراج آپے سے باہر ہوگئے تھے اور انہوں نے نہ صرف بین ڈکٹ کے قریب جاکر چیختے ہوئے جملے کسے بلکہ انگلش بیٹسمین سے اپنا کندھا بھی ٹکرایا۔ سراج کی اس حرکت پر آئی سی سی نے بھارتی فاسٹ بولر کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق محمد سراج ضابطہ اخلاق کی شق 2.5 کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، یہ شق کھلاڑیوں اور معاون عملے کے ایسے رویے سے متعلق ہے جو تضحیک آمیز محسوس ہو۔ یہ دوسرا موقع ہے کہ سراج نے 24 ماہ کے اندر کسی ضابطے کی خلاف ورزی کی ہے، جس کے بعد ان کے ڈی میرٹ پوائنٹس کی تعداد دو ہو گئی ہے۔ اگر کوئی کھلاڑی 24 ماہ کے عرصے میں چار یا اس سے زائد ڈیمرٹ پوائنٹس حاصل کرتا ہے تو انہیں معطلی کی شکل میں سزا دی جاتی ہے۔ اس واقعے پر سابق انگلش کپتان ایلسٹر کک نے بھی شدید ردعمل دیا، ان کا کہنا تھا کہ کسی کے چہرے پر جا کر اس طرح جشن منانا ناقابلِ قبول ہے۔ چاہے ڈکٹ نے خود بھی دانستہ قدم بڑھایا ہو، مگر سراج کو یوں جوش میں آ کر اس کے قریب جا کر چیخنا نہیں چاہیے تھا۔ ایسے رویے پر ضرور کارروائی ہونی چاہیے اور خوشی ہے کہ آئی سی سی نے نوٹس لیا۔ یاد رہے کہ سراج نے اس دن شاندار اسپیل کرتے ہوئے بین ڈکٹ اور اولی پوپ کی وکٹیں حاصل کی تھیں، اور انہی لمحات میں یہ تنازع بھی منظر عام پر آیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل