Wednesday, July 16, 2025
 

لاہور میں شہری بائیک سمیت مین ہول میں جاگرا

 



لاہور کے علاقے شاہدرہ فیروز والا میں شہری بائیک سمیت مین ہول میں جاگرا، علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت شہری کو نکالا جب کہ اس کی بائیک وہیں نالے میں غائب ہوگئی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق واقعے کی فوٹیج وائرل ہوگئی جس میں پورا واقعہ دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح شہری بائیک سمیت مین ہول میں جاگرا بعدازاں اسے نکالا گیا جب کہ اس کی بائیک نہیں نکالی جاسکی۔ واسا انتظامیہ کی نااہلی پر شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ اسی ضمن میں سیکریٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے تعمیراتی سائٹ پر حادثے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایکس ای این واسا کو فوری طور پر معطل کردیا اور متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دےدیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے تمام مقامات پر حفاظتی پروٹوکولز پر سختی سے عمل درآمد کا حکم دیا اور کہا ہے کہ شہریوں، راہ گیروں، مزدورں کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، غفلت اور لاپروائی پر زیرو ٹالرنس، سخت کارروائی ہو گی، وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن شہری فلاح و تحفظ پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق حادثہ تعمیراتی مقام پر بارشی کے پانی کی نکاسی کے لیے گٹر کھولنے کے باعث پیش آیا، گٹر کھولنے کے بعد وارننگ بورڈ نصب نہیں کیا گیا تھا، تعمیراتی سائٹس کے لیے جامع حفاظتی اقدامات کا نوٹی فکیشن 23 جون کو جاری کیا گیا،  تمام واسا زونز اور کنٹریکٹرز کو حفاظتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق حفاظتی احکامات میں بیریئرز، وارننگ بورڈز اور سائٹ لائٹنگ شامل ہیں، شہریوں، راہ گیروں، مزدورں کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل