Wednesday, July 16, 2025
 

کراچی میں تیز رفتار منی بس نے موٹرسائیکل سوار فیملی کو روند دیا، شوہر جاں بحق

 



شہر قائد کے علاقے کورنگی میں منی بس کی ٹکر سے شوہر جاں بحق جبکہ بیوی شدید زخمی ہوگئی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر میں بڑی گاڑیوں سے بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات میں کورنگی کے علاقے میں تیز رفتار منی بس نے موٹر سائیکل سوار پر مرد اور خاتون کو روند ڈالا۔ حادثے میں شوہر جاں بحق جبکہ بیوی شدید زخمی ہوگئی۔ متوفی کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچایا۔ ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 55 سالہ خالق کے نام سے کی گئی جبکہ متوفی کی اہلیہ 45 سالہ ثنا کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے پتھراؤ کر کے منی بس کے شیشے توڑ دیئے۔ اس حوالے سے ایس ایچ او زمان ٹاؤن غلام نبی آفریدی نے بتایا کہ حادثہ کورنگی ڈیڑھ نمبر کے قریب پیش آیا جس میں روٹ ایس ایل کی منی بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شوہر جاں بحق اور اس کی اہلیہ زخمی ہوئی تھی اور اس کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور اسماعیل کو گرفتار کر کے منی بس کو اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا جبکہ اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔  کینٹ اسٹیشن کے قریب ٹریفک حادثے میں بزرگ شہری جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال لیجائی گئی۔ ایدھی حکام کے مطابق متوفی راہ گیر تھا جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی جس کی عمر 60 سال ہے جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔ دریں اثنا بدھ کی صبح گیارہ بجے کے قریب ڈیفنس فیز 6 شہباز سگنل کے قریب ٹریفک حادثے میں 45 سالہ اشرف نامی شخص شدید زخمی ہوگیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں جناح اسپتال لیجایا گیا۔ چھیپا حکام کے مطابق زخمی ہونے والا اشرف دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تاہم اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل