Sunday, July 27, 2025
 

غزہ میں بھوک اور تکلیف دل دہلا دینے والی ہے، امریکی سینیٹر کوری بُکر

 



واشنگٹن: امریکی ڈیموکریٹ سینیٹر کوری بُکر نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں شہریوں، خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کی تباہ کن بھوک اور تکلیف کا منظر دل دہلا دینے والا ہے۔ انہوں نے امداد میں فوری اور بھرپور اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ سینیٹر کوری بُکر نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں اشد ضروری خوراک، پانی اور ادویات فوری طور پر پہنچانے کی ضرورت ہے تاکہ شدید غذائی قلت کا شکار افراد کی جانیں بچائی جا سکیں۔  انہوں نے کہا کہ یہ ہماری اجتماعی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ امداد ان لوگوں تک پہنچے جنہیں اس کی فوری ضرورت ہے۔ کوری بُکر نے امریکی اور اسرائیلی حمایت یافتہ غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن (GHF) کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کی حکمتِ عملی مؤثر ثابت نہیں ہو سکی۔ Witnessing the catastrophic hunger and suffering of civilians, especially children, women, the sick and elderly, in Gaza has been heartbreaking. The crisis in Gaza must be met with an immediate and drastic surge in life-saving resources, such as desperately needed food, water,… — Sen. Cory Booker (@SenBooker) July 26, 2025 انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ امداد حماس کے ہاتھوں میں جا رہی ہے، اور کہا کہ نیویارک ٹائمز نے حالیہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج کو کبھی کوئی ایسا ثبوت نہیں ملا۔ امریکی سینیٹر نے خبردار کیا کہ امداد میں تاخیر ہر لمحہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنے گی اور بچوں، حاملہ خواتین اور دیگر شہریوں کی صحت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے عالمی برادری سے فوری عملی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل