Monday, August 04, 2025
 

اسرائیلی کارروائیاں پورے خطے میں امن کے امکانات کو خطرے میں ڈال رہی ہیں، شہباز شریف

 



وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیلی کارروائیاں پورے خطے میں امن کے امکانات کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے واقعے پر اپنے مذمتی بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی وزرا کے قابض فوج کے سائے میں آبادکار گروہوں کے ساتھ مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولنے کے حالیہ واقعے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک کی حالیہ بے حرمتی نے دنیا بھر کے ایک ارب سے زائد مسلمانوں کے عقیدے کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ یہ بین الاقوامی قوانین اور انسانیت کے اجتماعی ضمیر پر بھی حملہ ہے۔ قابض ریاست کی جانب سے ایسی منظم اشتعال انگیزیاں اور الحاق کے غیر ذمے دارانہ مطالبات امن کے امکانات کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ایکس پر پوسٹ میں وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کی یہ شرمناک کارروائیاں جان بوجھ کر فلسطین اور پورے خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہی ہیں۔ اس سے مشرق وسطیٰ مزید عدم استحکام اور تنازع کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر فوری جنگ بندی، ہر قسم کی جارحیت کے خاتمے اور ایک بااعتماد امن عمل کی بحالی کا مطالبہ کرتا ہے، جو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق، القدس الشریف کو دارالحکومت بنانے والی ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی جانب لے جائے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل