Monday, August 04, 2025
 

ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا

 



ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان بائیں ٹانگ کی ہیمسٹرنگ میں کھنچاؤ کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ فخر زمان کو یہ انجری دوسرے ٹی20 میچ کے 19ویں اوور میں آؤٹ فیلڈ میں گیند کا پیچھا کرتے ہوئے پیش آئی تھی جس کے باعث انہیں آخری ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز سے ڈراپ کردیا گیا۔ ابتدائی طبی معائنے کے بعد ان کی انجری کو معمولی نوعیت کا کھنچاؤ قرار دیا گیا جس پر ٹیم کے میڈیکل اسٹاف نے فوری علاج اور ابتدائی طبی سہولت فراہم کی۔ فخر زمان چار اگست کی شام وطن واپس لوٹیں گے، جہاں وہ لاہور میں واقع نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں پی سی بی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں بحالی کے عمل سے گزریں گے۔ واضح رہے کہ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے اوپنر حالیہ میچز میں فارم کے مسائل کا شکار رہے ہیں۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف تین میچز میں بالترتیب 1، 44 اور 8 رنز بنائے، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے دو ٹی20 میچز میں 28 اور 20 رنز اسکور کیے۔ یہ پہلا موقع نہیں جب فخر زمان انجری کا شکار ہوئے ہوں۔ اس سے قبل رواں سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ابتدائی میچ میں انہیں پسلی کے قریب چوٹ لگی تھی، جس کے باعث وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔  اس میچ میں انہوں نے تکلیف کے باوجود 41 گیندوں پر 24 رنز بنائے تھے، اور انہیں نیوزی لینڈ کے مائیکل بریسویل نے آؤٹ کیا تھا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے فخر زمان کی جگہ امام الحق کو پاکستانی اسکواڈ میں شامل کرنے کی منظوری دی تھی۔ یاد رہے کہ فخر زمان کو اس سے قبل اپریل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے اسکواڈز سے بھی ڈراپ کیا گیا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل