Sunday, September 14, 2025
 

پاکستان جیتے یا ہارے، میری ٹیم کیلئے محبت کبھی کم نہیں ہوگی، آئمہ بیگ

 



پاکستان کی نامور اور مقبول گلوکارہ آئمہ بیگ کا کہنا ہے کہ پاکستان روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ جیتے یا ہارے، پاکستانی ٹیم کیلئے ان کی محبت کبھی کم نہیں ہوگی۔ ایشیا کپ کے تناظر میں آج شام دبئی میں ہونے والے اس بڑے مقابلے پر بات کرتے ہوئے گلوکارہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میری زندگی ہے، میچ میں میرا دل پاکستان کے ساتھ ہے، اللہ کرے کہ ایسا وقت نہ آئے لیکن جیت ہو یا ہار، ہم اپنی ٹیم سے محبت کرتے ہیں اور ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ آئمہ بیگ نے کرکٹ کے میدانوں میں اپنی یادگار پرفارمنسز کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے قذافی سٹیڈیم میں بارہا بار لائیو پرفارم کیا ہے، ہزاروں کرکٹ فینز کے سامنے گانا ایک شاندار تجربہ ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ میں آج پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم ٹاکرا ہوگا جسے دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ بے حد پرجوش ہیں، گلوکارہ آئمہ بیگ کا کہنا ہے کہ پوری قوم کی دعائیں اپنی ٹیم کے ساتھ ہیں اور انہیں یقین ہے کہ پاکستان کامیابی حاصل کرے گا۔ کرکٹ کے بعد اپنے نئے گانے سن میرے ماہیا وے پر گفتگو کرتے ہوئے گلوکارہ نے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک خاندانی اور دل سے جڑا ہوا پروجیکٹ ہے جب آپ اپنے خاندان اور ان لوگوں کے ساتھ کام کرتے ہیں جنہیں آپ چاہتے ہیں تو آپ خود بخود اس پروجیکٹ سے محبت کرنے لگتے ہیں، میرے لیے یہی سب سے بڑا تحفہ ہے۔ آئمہ بیگ نے مزید کہا کہ میرے لیے سب سے زیادہ ضروری گانے کی وائب ہے، اگر گانا اچھا ہو، کہانی اچھی ہو تو میں اس سے جڑ جاتی ہوں، میں ایک وژنری گلوکارہ ہوں، اس لیے جب بھی میں گانا سنتی ہوں تو ساتھ ہی اس کے پس منظر اور احساسات پر بھی سوچتی ہوں۔ آئمہ بیگ نے اپنے مداحوں کی محبت پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ لوگ میرے گانے سن کر محبت کرتے ہیں، یہ میرے لیے جادو سے کم نہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل