Loading
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پرپیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کی ہدایت پر ایس سی او کانفرنس 2027 سے قبل نئے کنونشن سنٹر کی تعمیر پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں جناح کنونشن کے ساتھ دوسرا بڑا کنونشن ہال تعمیر کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ نیا منصوبہ متعدد بڑے کانفرنس و میٹنگ رومز سمیت وسیع کنونشن ہال پر مشتمل ہونا چاہیے، نئے کنونشن ہال کو بین الاقوامی معیار اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جائے ، منصوبے کی تکمیل سے پاکستان میں بڑی بین الاقوامی کانفرنسز کے انعقاد میں آسانی ہو گی۔ وزیر داخلہ نے منصوبے کے ڈیزائن کیلئے بین الاقوامی و مقامی بہترین آرکیٹکٹس کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی اور اسلام آباد ایکسپریس وے کی کمرشلائزیشن کا جامع پلان طلب کر لیا۔ اجلاس میں اسلام آباد میں نئے پولیس تھانوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے 6 تھانوں کے تعمیراتی کام 45 دن میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مزید 10 تھانوں کی عمارت کی تعمیر کیلئے ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے، پارلیمنٹ لاجز کے نئے بلاک کی تعمیر کا کام مقررہ مدت میں مکمل کر لیا جائے گا، ٹی چوک فلائی اوورمنصوبے کی تمام پائلز کو مکمل کر لیا گیا ہے، شاہین چوک کا سنگ بنیاد جلد رکھا جائے گا۔ پاک سیکرٹریٹ کے آر بلاک کی عمارت کی بحالی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ممبران سی ڈی اے اور اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل