Sunday, October 05, 2025
 

شہیدوں کی قربانیوں پر ہزاروں حکومتیں قربان، پاکستان مخالف بولنے والے کو نہیں مانتے، حنیف عباسی

 



وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ شہیدوں کی قربانیوں  پر ہزاروں حکومتیں قربان ہیں، کوئی بھی اگر پاکستان مخالف بولے گا، ہم اس کو نہیں مانتے۔ راولپنڈی میں انجمن تاجران کی جانب سے استقبالیہ  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ تاجروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو تمام جہدوجہد چاہے جیل ہو یا تاجر یونین کی سیاست ہو یا قومی سیاست میں اتار چڑھاؤ میں ساتھ رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وینٹی لیٹر پر تھا لیکن آج دنیا میں  دیکھیں ہر طرف پاکستان کا بول بالا ہے، مڈل ایسٹ، سیٹرل ایشیا میں قیادت کون کررہا ہے، یہ کیسی خارجہ پالیسی  ہے کہ دنیا کی خواہش ہے کہ  وزیر اعظم پاکستان ان کے ملک آئے، یہ نتیجہ شہدا کی قربانیوں اور خلوص نیت سے محنت کی وجہ سے ہے۔ حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ تمنا کرتے تھے 9 مئی ہوگا تو ہم اقتدار میں آجائیں گے، فلاں ملک کا صدر اقتدار میں آئے تو ہمیں بھی اقتدار مل جائے گا لیکن سب کیا ہوا، ہم نہ لاٹھی چارج نہ آنسو گیس کے سامنے رکے، قانون کے دائرے میں رہ کر کام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ حنیف عباسی آپ کے ساتھ ہے، پختون ،کشمیری ،سندھی سب ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں  لیکن جو کہے گا کہ پاکستان کو نہیں مانتا ہم ان کو نہیں مانتے۔ حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ پنجاب کا مقابلہ کیوں نہ دیگر صوبوں سے کریں، ترقی کو کیوں ڈسکس نہ  کریں، کیا پنڈی جو آج ہے وہ پہلے ایسا تھا، یہاں ٹرانسپورٹ نہیں تھی، تعلیمی و صحت کی سہولیات کیا تھیں، راولپنڈی سے نواز شریف اور  مریم نواز کے کاموں کو نکال دیں تو  راولپنڈی میں کیا بچتا ہے صرف پنڈ ہی بچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکڑک بسیں آر رہی ہیں خوبصورت اسٹاپ آرہے ہیں جب مائیں بہنیں سفر کریں گی تو کس کو اچھا  نہیں لگے گا۔ حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب  15 کو آئیں یا 16 کو آئیں،  راولپنڈی  حق ادا کرے گا۔ معرکہ حق پر بات کرتے ہوئے حنیف عباسی کا کہنا تھاکہ پاک فوج نے معرکہ حق میں ہندوستان کی بائیس چوکیوں پر قبضہ کیا، ہم نہیں کہتے دنیا کہتی ہے، پاکستان نے  ہندوستان کے سات جہاز گرائے اور جب انھوں نے نور خان بیس پر مزائل مارا تو پھر ہم نے بھی انکو گھس کر مارا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے غیور جوانوں کو سلام جنہوں نے ہماری جان ۔مال اور عزت کو محفوظ رکھا، ہندوستان جان لے اگر وہ کسی خام خیالی میں ہے تو ہم آج بھی تیار ہیں کیونکہ ہے  جہان تگ دو میں غیرت بڑی چیز۔ حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ خوارج جب فورسز پر حملے کریں گے تو وہ غدار وطن ہوں گے ہم پاکستان کو ترقی کی جانب لے جارہے ہیں،  سعودیہ کا وفد آرہا ہے، دنیا یہاں آرہی ہے اور اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کر رہی ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، ریل تو ویسے ہی تمام پاکستان کو جوڑتی ہے، انشاء اللہ پاکستان قائم و دائم رہے گا۔ تقریب سے ممبر قومی اسمبلی دانیال تنویر چودہری اور انجمن تاجران کے رہمنا شاہد غفور پراچہ  اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل