Loading
ڈیفنس فیز 9 کے علاقے میں گھر کے اندر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 29 سالہ احمد جاوید کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمی شخص سہراب کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں متاثرہ افراد اپنی ایک دوست سے ملنے آئے تھے کہ اسی دوران نامزد ملزمان ابو بکر، عبدالستار اور ان کے ساتھ 5 نامعلوم افراد نے گھر پر دھاوا بول دیا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے بعد تمام حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور شواہد اکھٹے کیے۔ پولیس نے مقتول کی لاش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے۔ ایس پی کینٹ قاضی علی رضا اور ایس ڈی پی او برکی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر موجود رہے اور تمام صورتحال کا جائزہ لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے والد عادل رشید کی مدعیت میں ابو بکر، عبدالستار اور پانچ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ ایس پی کینٹ نے ایس ڈی پی او برکی کو فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت دے دی ہے اور کہا ہے کہ چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل