Monday, October 06, 2025
 

فلپائن: پاکستانی ایتھلیٹ شاہریز خان آئرن مین ورلڈ چیمپئن شپ کیلئے کوالیفائی

 



لاہور کے باصلاحیت ٹرائی ایتھلیٹ شاہریز خان نے میگا ایونٹ آئرن مین 70.3 ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کر کے پاکستان کے لیے ایک نیا سنگ میل قائم کر دیا۔ یہ عالمی مقابلہ 9 نومبر 2025 کو ماربیلا اسپین میں منعقد ہوگا جہاں شاہریز دنیا کے بہترین ایتھلیٹس کے ہمراہ ملک و قوم کی نمائندگی کریں گے۔وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے پاکستانی ہیں۔ان سے قبل خرم خان نے یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔ شاہریز نے فلپائن کے شہر پیورٹو پرنسيسا میں ہونے والی آئرن مین 70.3 ریس میں ساتویں پوزیشن حاصل کی۔ یہ ریس 1.9 کلومیٹر تیراکی، 90 کلومیٹر سائیکلنگ اور 21.1 کلومیٹر دوڑ پر مشتمل تھی۔ اس ریس کے حوالے سےشاہ ریز کا کہنا ہے کہ جب فنش لائن عبور کر کے مجھے معلوم ہوا کہ میں کوالیفائی کر چکا ہوں تو وہ لمحہ ایسا تھا جسے الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ شاہریز اس وقت آل ورلڈ ایتھلیٹ کیٹیگری میں دنیا کے ٹاپ 5 فیصد ایتھلیٹس میں شامل ہیں۔ ایچیسن کالج کے سابق طالبعلم شاہریز نے ایتھلیٹکس، فٹبال اور تیراکی میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ بعدازاں انہوں نے یونیورسٹی آف ویسٹرن اونٹاریو اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی جہاں وہ سیڈ بزنس اسکول کی کراس کنٹری ٹیم کا حصہ رہے۔ آج وہ سمبا گلوبل کے لیے مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ ریجن کے سربراہ ہیں۔ شاہریز کا آئرن مین سفر 2022 میں اسلام آباد کی ایک ہاف میراتھن سے شروع ہوا۔ دوڑ اور تیراکی میں مہارت رکھنے کے باوجود سائیکلنگ ان کے لیے نیا میدان تھا مگر انہوں نے جلد ہی خود کو اس میں ڈھال لیا۔ لاہور میں انہوں نے اپنے گھر میں انڈور ٹریننگ زون بنایا جبکہ باغ جناح اور ڈی ایچ اے فیز 7 میں دوڑ اور سائیکلنگ کے ذریعے اپنی تربیت جاری رکھی۔ شاہریز کے مشن میں ان کے ساتھی آر ڈی رضوان آفتاب احمد کا اہم کردار ہے جو ان کے ساتھ مل کر کھیلوں میں پاکستانی نوجوانوں کی رہنمائی کر رہے ہیں۔دونوں ایچیسن کالج میں کراس کنٹری کیمپس کا انعقاد بھی کر چکے ہیں۔ شاہریز کا کہنا ہے کہ ہم ایک ایسی نسل کو متحرک کرنا چاہتے ہیں جو سست طرز زندگی کا شکار ہے۔ کھیل نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی مضبوطی اور نظم و ضبط بھی سکھاتے ہیں- پاکستان میں ٹرائی ایتھلون کے بنیادی ڈھانچے کی کمی کے باوجود ان کا خواب ہے کہ ایک دن ملک میں بین الاقوامی سطح کی برداشت کی ریسز منعقد ہوں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل