Loading
پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی نئی حکومت کے قیام یا ان ہاؤس تبدیلی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہ کرسکی تاہم حتمی فیصلہ صدر مملکت آصف علی زرداری کریں گے۔ قمر زمان کائرہ نے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) آزاد کشمیر کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے اجلاس میں ازاد کشمیر کی حکومت کے حوالے سے گفتگو ہوئی، کشمیر سے متعلق لائحہ عمل کے لیے صدر مملکت سے مشاورت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری سے ملاقات میں حتمی فیصلہ ہوگا اور جب بھی حکومت بنانی ہوتی ہے تو نمبر پورے ہوتے ہیں، ہم نے مسلم لیگ (ن) کا فیصلہ میڈیا سے سنا ہے لیکن انہوں نے اس حوالے سے ہمیں باضابطہ طور پر کچھ نہیں بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ازاد کشمیر کی صورت حال پر بات کی تاہم حتمی فیصلہ صدر کریں گے۔ قبل ازیں پی پی پی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہوا جہاں سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا تاہم حکومت کی تبدیلی یا علیحدگی سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہ ہوسکا۔ اجلاس میں فریال تالپور، سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ، صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری یاسین کی قیادت میں پوری پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شریک ہوئی، اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، جاوید ایوب، رفیق نئیر، بازل نقوی اور جاوید بڈھانوی، فیصل راٹھور، نبیلہ ایوب اور سردار حاجی یعقوب نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے قیادت کو اتحاد برقرار رکھنے اور عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کی اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومتی کارکردگی، تنظیمی امور اور آئندہ انتخابی حکمت عملی زیر بحث آئی۔ ذرائع نے بتایا کہ شریک چیئرمین پی پی پی آصف علی زرداری کی جانب سے ایوان صدر میں ایک اور اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے جہاں آصف علی زرداری حتمی اعلان کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں ان ہاؤس تبدیلی یا حکومت کے قیام سے متعلق حتمی فیصلہ صدر آصف زرداری کریں گے اور آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے لیے متوقع امیدوار کا نام بھی صدر آصف زرداری فائنل کریں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل