Loading
تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے اسلام آباد میں 27ویں ترمیم کے خلاف احتجاج کیا گیا، پولیس نے مظاہرین کی ریلی کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے فیصل مسجد کی پارکنگ میں احتجاج کیا گیا، اسلام آباد پولیس کی نفری موقع پر موجود رہی، اپوزیشن اتحاد کے رہنما ریلی کی صورت میں آگے بڑھے مگر فیصل ایونیو پر انہیں پولیس نے روک دیا۔
رہنماؤں میں علامہ راجہ ناصر عباس، سلمان اکرم راجہ اور دیگر شامل تھے جنہوں نے نعرے بازی بھی کی۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ہمارا انتخابی نشان چھینا گیا، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں پر ہاتھ اٹھایا گیا، ہماری چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا، ہم پُرامن سیاسی قوت ہیں، ہم پاکستان کے عوام کو دعوت دیتے ہیں کہ ہماری پُرامن تحریک کا حصہ بنیں, ہم جابر کی آنکھ میں آنکھیں ڈالیں گے، ہم فیصل ایونیو پر واک کریں گے، ہم پورے پاکستان کو دعوت دیتے ہیں کہ آئین پاکستان پر حملے کے خلاف باہر نکلیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 25 کروڑ عوام باہر آجائیں تو یہ ظالم بھاگ جائے گا، نکلیں سب اپنے گھروں سے باہر آئیں اور کہیں کہ اس ظلم کو نہیں مانتے، یہ احتجاج رات 8 بجے تک جاری رہے گا۔
پریس کانفرنس میں مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ہمیں یہ آئین اور دستور قبول نہیں، ہمارے کندھوں پر ذمہ داری ہے کہ باہر نکلیں اور اسے رد کریں، ملک بھر میں اس وقت ریلیاں ہو رہی ہیں لوگ احتجاج کر رہے ہیں، اس ملک میں جبر کے ماحول کو ہم رد کرتے ہیں، عوامی پٹیشن کے ذریعے ہم اسے رد کریں گے، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے ، عدلیہ اور میڈیا کو بحال کیا جائے۔
علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ میڈیا پر پیکا ایکٹ کے ذریعے ظلم ہوا، پارلیمنٹ سے ایم این ایز کو اٹھایا گیا، اس وقت ایسے لوگ بیٹھائے ہوئے ہیں جو فری اینڈ فیئر الیکشن نہیں کروا سکتے، ہر طرف ظلم کا ماحول ہے، اللہ نے کہا ہے کہ ظلم کے آگے کبھی سر نہیں جھکانا، اگر آپ سر جھکائیں گے تو آپ اور ظلم بڑھائیں گے، ظالم کا مقابلہ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، عوامی طاقت کے ذریعے پرامن جدوجہد کے ذریعے ان کو روکنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ڈرانا بھی ظلم ہے، یہ آوازیں اب چپ نہیں ہوں گی، لبوں پر تالے نہیں لگیں گے، ہم اس کو نہیں مانتے، استثنی بھی ظلم کا ایک راستہ ہے، ہم تم کو جواب دہی کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے، آپ نکلے ہو، آپ نے خوف کی فضا کو توڑا ہے، انشااللہ حق جیتے گا اور باطل ہارے گا، جیت ہمارا مقدر ہے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ تمام لوگوں کا شکریہ جو اس تحریک میں شامل ہوئے آئی ایم ایف نے اعلان کیا ہے کہ یہ چوروں کی حکومت ہے، آئی ایم ایف نے بتایا ہے کہ اس حکومت نے 5 ہزار ارب روپے کی کرپشن کی ہے، ججوں کے ساتھ ملا کر اس حکومت نے اقتدار حاصل کیا، اللّٰہ کا حکم ہے کہ جابر حکمرانوں کے خلاف آواز بلند کرو، ہم اپنا کام کر رہے ہیں انشا اللہ ہماری جیت جلد ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنا احتجاج ہر شہر میں جاری رکھیں گے ہم اپنی محنت جاری رکھیں گے کامیابی اللہ دے گا، ہم کسی سے لڑنا نہیں چاہتے، ہم غاصبوں کو نہیں چھوڑیں گے، پاکستان ہمارا ملک پے، ہم نے یہاں رہنا ہے، آئین کو توڑا گیا ہے، آئین کا حلیہ بگاڑا گیا ہے، عوام کو دعوت دیتے ہیں آئیں پاکستان کے آئین کو بچائیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل