Loading
پاکستان کو تنظیم برائے انسدادِ کیمیائی ہتھیار (OPCW) کی ایگزیکٹو کونسل کے لیے 2026ء تا 2028ء دوبارہ منتخب کر لیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق یہ انتخاب 24 تا 28 نومبر کو دی ہیگ میں منعقدہ کانفرنس کے 30ویں اجلاس کے دوران ہوا۔
واضح رہے کہ 193 رکن ممالک کا حامل کیمیکل ویپن کنونشن (CWC) دنیا کا سب سے کامیاب تخفیفِ اسلحہ معاہدہ ہے جس کے تحت کیمیائی ہتھیاروں کی پوری کلاس کا خاتمہ کیا جا چکا ہے۔ او پی سی ڈبلیو کی ایگزیکٹو کونسل اس تنظیم کا اہم پالیسی ساز ادارہ ہے، جو کنونشن پر مؤثر عملدرآمد اور اس کی پاسداری کی نگرانی کرتی ہے۔
پاکستان او پی سی ڈبلیو کا فعال رکن ہے اور 1997ء میں سی ڈبلیو سی کی توثیق کے بعد سے ایگزیکٹو کونسل میں خدمات انجام دیتا آ رہا ہے۔ پاکستان ہمیشہ معاہدے کے مقاصد کے حصول میں تعمیراتی کردار ادا کرتا رہا ہے۔
او پی سی ڈبلیو کی 41 رکنی ایگزیکٹو کونسل میں پاکستان کا دوبارہ انتخاب تنظیم میں پاکستان کے مثبت کردار اور رکن ممالک کے اعتماد کا مظہر ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل