Loading
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان کے لیے ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگابازار نے اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں ملک کے گیس کے شعبے میں جاری اور مجوزہ اصلاحات، توانائی کے چیلنجز اور پالیسی اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر نے ایل این جی سرپلس کے مسئلے کو مؤثر انداز میں حل کرنے پر پیٹرولیم ڈویژن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایل این جی جیسے پیچیدہ چیلنج کو حل کرنا آسان کام نہیں تھا، تاہم حکومت پاکستان نے بروقت اور درست فیصلوں کے ذریعے اس مسئلے پر قابو پایا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ورلڈ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک جیسے بین الاقوامی شراکت داروں کی آراء اور تعاون پائیدار پالیسی اصلاحات کے لیے نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔
ملاقات میں پاکستان کے گیس سیکٹر کی پائیداری، ایل این جی مینجمنٹ، اور آئندہ اصلاحاتی منصوبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر نے بتایا کہ ورلڈ بینک گیس کے شعبے میں اصلاحات کے لیے ایک جامع روڈ میپ تیار کر رہا ہے، جس کا مقصد شعبے کی کارکردگی بہتر بنانا اور طویل المدتی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔
ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کے توانائی شعبے میں اصلاحات کے ذریعے شفافیت، کارکردگی اور پائیداری کو فروغ دیا جائے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل