Friday, December 19, 2025
 

تائیوان ریلوے اسٹیشن پر حملے میں 3 ہلاکتیں اور 5 زخمی؛ ملزم کا عبرتناک انجام

 



تائیوان کے دارالحکومت تائی پے کی مرکزی سب وے ٹرین اسٹیشن پر مسلح شخص نے مسافروں پر حملہ کردیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ آور نے سب وے اسٹیشن اور اس کے اردگرد کے علاقوں میں اسموک بم پھینکے جس سے دھواں پھیل گیا اور افراتفری مچ گئی۔ مسافر دھوئیں کے باعث ادھر ادھر دوڑنے لگے جس کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے ملزم نے چاقو سے مسافروں پر پہ در پہ وار کیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے ممکنہ طور پر اسموک بم کے ساتھ ساتھ پیٹرول بم کا بھی استعمال کیا جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ سفاکانہ کارروائی کے بعد حملہ آور نے پولیس کو دیکھ کر دوڑ لگا دی اور تعاقب کے دوران ایک عمارت سے گر کر اپنی جان بھی گنوا بیٹھا۔ عینی شاہدین میں سے کچھ کا خیال ہے کہ حملہ آور عمارت سے گرا نہیں بلکہ اس نے جان بوجھ کر چھلانگ لگا کر خودکشی کی ہے۔ حملے میں کم از کم 3 افراد ہلاک اور 5 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 2 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں وہ بہادر شہری بھی شامل ہے جس نے حملہ آور کو روکنے کی کوشش میں اپنی جان قربان کردی۔ تائیوان کے وزیرِ اعظم چو جنگ-تائی نے بتایا کہ حملہ آور مجرمانہ ریکارڈ کا حامل تھا اور اس کے وارنٹِ گرفتاری بھی بھی جاری تھے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ حملے کے بعد ملزم کے گھر سے مزید شواہد برآمد کیے گئے ہیں۔ اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہے حملے میں اس کا کوئی ساتھی یا معاون بھی شریک تھا یا نہیں۔ تاحال حملے کے محرکات کے بارے میں بھی کچھ پتا نہیں چل سکا۔ تفتیشی اداروں کی تحقیقات جاری ہیں۔  خیال رہے کہ تائیوان جیسے ملک میں اس قسم کے پر تشدد واقعات بہت کم دیکھنے میں آتے ہیں، جس کی وجہ سے یہ واقعہ عوام اور حکام دونوں کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ دارالحکومت تائی پے کی میٹرو کو عام طور پر محفوظ اور پرسکون پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم سمجھا جاتا ہے لیکن اس واقعے نے سیکیورٹی معاملات پر نئے سوالات اٹھا دیے ہیں۔     

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل