Friday, December 19, 2025
 

افغان نائب ناظم الامور دفتر خارجہ طلب، افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی پر احتجاج ریکارڈ

 



افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی پر افغان نائب ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا اور واضح کیا گیا کہ پاکستان افغان سرزمین سے جنم لینے والی دہشت گردی کے جواب میں تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ ترجمان دفترخارجہ طاہر اندرابی کے مطابق افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی پر افغان طالبان حکومت کے سامنے سخت احتجاج کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں قائم ایک فوجی کیمپ پر خوارج سے تعلق رکھنے والے خارجی گل بہادر گروپ کے دہشت گردوں کے حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی جہاں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوئے۔ ترجمان نے بتایا کہ افغان نائب ناظم االمور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اورانہیں پاکستان کی جانب سے باضابطہ احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔ وزارت خارجہ نے افغان طالبان حکومت کی جانب سے فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی کو مسلسل سہولت اور معاونت فراہم کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا، جس کے باعث پاک-افغان سرحد اور ملحقہ علاقوں میں پاکستانی فوج اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ احتجاج میں واضح کیا گیا کہ افغانستان میں ٹی ٹی پی کو میسر سازگار ماحول، افغانستان کے اپنے بین الاقوامی وعدوں اور پاکستان کے ساتھ اس یقین دہانی کے منافی ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک اور بالخصوص پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔ افغان حکومت سے انہوں نے مطالبہ کیا کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف کیے جانے والے دہشت گردی کے حملوں کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ان کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے۔  ترجمان کے مطابق افغان طالبان  پر زور دیا گیا کہ وہ فوری، ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات کے ذریعے اپنی سرزمین سے سرگرم تمام دہشت گرد گروپس بشمول ان کی قیادت، کے خلاف کارروائی کرے اور پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال روکے۔ انہوں نے کہا کہ افغان نائب ناظم الامور کو واضح کیا گیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع اور اپنے شہریوں کے تحفظ کا پورا حق محفوظ رکھتا ہے اور افغان سرزمین سے جنم لینے والی دہشت گردی کے جواب میں تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل