Friday, December 19, 2025
 

رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں نمایاں اضافہ

 



رواں مالی سال 26-2025 کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر)کے دوران بڑی صنعتوں کی گروتھ 5.02 فیصد رہی ہے اور آٹو موبائل سیکٹر میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق موجودہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں پاکستان کی بڑی صنعتوں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اکتوبر 2024 کے مقابلے میں اکتوبر 2025 میں صنعتی پیداوار میں 8.33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور جولائی تا اکتوبر کے دوران مجموعی گروتھ 5.02 فیصد رہی ہے۔ ادارہ شماریات نے بتایا کہ آٹو موبائل سیکٹر کی پیداوار میں سب سے زیادہ 79 فیصد اضافہ ہوا، ان چار ماہ کے دوران ٹرانسپورٹ کے دیگر سامان کی پیداوار 37.51 تک بڑھی، فٹ بال سمیت دیگر اشیا کی پیداوار میں 28 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح پیٹرولیم مصنوعات 12.25 فیصد اور دیگر مصنوعات کی پیداوار میں 12 فیصد تک اضافہ ہوا ہے، منرل پروڈکٹس کی گروتھ 13.45 فیصد اور الیکٹرک سامان کی پیداوار 6.26 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق معیشت کے سب سے بڑے صنعتی شعبے ٹیکسٹائل کی پیداوار میں 1.58 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور فوڈ سیکٹر کی پیداوار میں چار ماہ کے دوران 5 فیصد سے زیادہ بہتری آئی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل