Loading
پنجاب میں 16 جنوری تک شدید سردی کی پیش گوئی کر دی گئی جبکہ آج صبح لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، پوٹھوہار ریجن میں شدید سردی کے ساتھ برفباری کے امکانات ہیں۔
ٹورازم ڈپارٹمنٹ، ایجوکیشن، ہیلتھ، زراعت، لوکل گورنمنٹ، فاریسٹ، سی اینڈ ڈبلیو، ٹرانسپورٹ، ریسکیو 1122، نیشنل ہائی وے اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطابق دھند و اسموگ کی صورتحال میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ یونیورسٹیز، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے طلباء و طالبات کو سردی کے حوالے سے مناسب لباس کی ہدایات جاری کریں۔ کلاس رومز میں سردی سے بچاؤ کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق تمام اسپتال بالخصوص بنیادی ہیلتھ یونٹس، ادویات اور عملے کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ عوام الناس سے گزارش ہے سردی کی شدت سے خود کو محفوظ رکھیں، ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔
عرفان علی کاٹھیا کے مطابق پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے، شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہدایات پر عمل کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق سیاحوں کی سہولیات کے لیے مری میں مختلف مقامات پر فسیلیٹیشن سنٹرز قائم ہیں۔ دوران سفر تیز رفتاری اور اچانک بریک لگانے سے اجتناب کریں جبکہ فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔ ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں بدستور دھند اور بادلوں کا راج ہے، بادلوں کے باعث سورج کی کرنیں زمین پر پہنچنے سے قاصر ہیں۔ بادلوں اور دھند سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت تین ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، آئندہ دو سے تین دن تک بارش کا کوئی امکان نہیں جبکہ موسم خشک اور سرد رہے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل