Loading
کسٹمز نے ڈی آئی خان میں چھ کروڑ ساٹھ لاکھ روپے مالیت کی اسمگل شدہ اشیاء اور گاڑیاں ضبط کرلیں۔
ایف بی آر کے مطابق کسٹمز انفورسمنٹ ڈی آئی خان نے انسدادِ اسمگلنگ کی مختلف کارروائیوں کے دوران اسمگل شدہ اشیاء اور ان کی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑیاں ضبط کرلیں جن کی مجموعی تخمینی مالیت چھ کروڑ ساٹھ لاکھ روپے ہے۔
ضبط کی گئی اشیاء میں غیر ملکی ساختہ مختلف برانڈز کی سگریٹ، چھالیہ، خشخاش کے بیج، کافی، ملک کریم، آٹو پارٹس، موٹریں، مردانہ ملبوسات، ٹائرز، ایم ایس جی مسالہ، انورٹرز اور ایک نان ڈیوٹی پیڈ ٹویوٹا پریئس کار شامل ہے جس کی مالیت چار کروڑ پچاسی لاکھ روپے ہے۔
مزید برآں اسمگل شدہ اشیاء کی ترسیل میں استعمال ہوئی کیریئر گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں جن میں ایک مزدا ٹرک، دو بیڈ فورڈ ٹرک، ایک پک اپ گاڑی اور ایک سوزوکی پک اپ شامل ہیں ان کی مجموعی تخمینی مالیت ایک کروڑ پچھتر لاکھ روپے ہے۔
کسٹمز ایکٹ 1969ء کے تحت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل