Loading
ایران کی پاسداران انقلاب کی بری فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد کرمی نے کہا ہے کہ ایران میں بیرون تعاون سے ہوئے فسادات کے بعد امریکا کے حملوں کی دھمکیوں کے پیش نظر فورسز کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب کے کمانڈر بریگیڈیئر محمد کرمی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس وقت مکمل اور ہائبرڈ وار کا مقابلہ کر رہا ہے جو معیشت، سماجی، سیاسی اور سائبر میدان سمیت دیگر محاذوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس جنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے اعلیٰ سطح پر تیار ہیں اور ایرانی مسلح افواج کسی قسم کی جارحیت کے خلاف متحد اور مربوط ہیں۔
قبل ازیں پاسداران انقلاب کے چیف کمانڈر میجر جنرل محمد پاک پور نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا اور اسرائیل جیسی بیرونی طاقتوں کی جارحیت کا ہرصورت جواب دینے کے لیے ہماری فوج بھرپور تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ طاقت ور اور مقبول پاسداران انقلاب دشمن اور ان کے داعش طرز کے مقامی ایجنٹوں کی غلط فہمیوں کو توڑنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
خیال رہے کہ امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف زوردار اور فیصلہ کن فوجی کارروائی کے حق میں ہیں اور طویل جنگ کے بجائے مختصر مگر مؤثر حملہ کرنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی آرمی چیف نے ملک بھر میں فوری طور پر دفاعی تیاریاں شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے اور شمالی اسرائیل سمیت مختلف علاقوں میں بم شیلٹرز کھول دیے گئے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل