Wednesday, February 04, 2026
 

مکہ مکرمہ میں نویں صدی ہجری کا سونے سے مزین تاریخی قرآنی نسخہ نمائش کے لیے پیش

 



مکہ مکرمہ کے حراء ثقافتی محلہ میں واقع قرآن کریم میوزیم میں نویں صدی ہجری سے تعلق رکھنے والے قرآن مجید کے ایک نایاب پارے کو نمائش کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔ یہ تاریخی قرآنی پارہ مصحف شریف کے پچیسویں پارے پر مشتمل ہے اور پندرہویں صدی عیسوی میں تحریر کیا گیا تھا۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق، یہ نادر قرآنی نسخہ بلادِ شام میں نفیس خطِ نسخ میں تحریر کیا گیا ہے، جس پر باریک اور دیدہ زیب نقش و نگار کے ساتھ شاندار زریں آرائش کی گئی ہے۔ اس مخطوطے کی خاص بات یہ ہے کہ لفظ جلالہ کو سونے کے پانی سے تحریر کیا گیا ہے، جو اسلامی خطاطی میں قرآن کریم کے تقدس اور احترام کی اعلیٰ مثال ہے۔ یہ تاریخی پارہ قرآن کریم کو پاروں کی صورت میں ترتیب دینے کی قدیم روایت کی نمائندگی کرتا ہے، جو مسلمانوں کی جانب سے قرآن کریم کی حفاظت اور تدوین کے لیے اختیار کی گئی حکمت عملیوں کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ نایاب قرآنی پارہ مرکزِ شاہ فیصل برائے تحقیق اور اسلامی مطالعات کے ذخیرے سے تعلق رکھتا ہے، جسے ثقافتی اشتراک کے تحت قرآن کریم میوزیم میں نمائش کے لیے رکھا گیا ہے۔ اس نمائش کا مقصد قیمتی قرآنی مخطوطات کو عام زائرین کے سامنے لانا اور انہیں اسلامی خطاطی اور تذہیب کے اعلیٰ فن سے روشناس کرانا ہے۔ قرآن کریم میوزیم مکہ مکرمہ کا پہلا خصوصی میوزیم ہے، جو جدید طرزِ نمائش کے ذریعے قرآن مجید کی تاریخ، کتابت اور تدوین کے مختلف مراحل کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ میوزیم جبل النور کے قریب واقع ہے، جہاں وحی کی ابتدائی آیات نازل ہوئیں، اور حراء ثقافتی محلہ کا ایک اہم حصہ ہے، جو دینی، تاریخی اور ثقافتی ورثے کو یکجا کرتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل