Loading
چین نے بلوچستان میں حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے کا عزم دہرایا ہے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے معمول کی میڈیا بریفنگ کے دوران بلوچستان میں گزشتہ ہفتے ہونے والے حملوں سے متعلق ایک سوال پر کہا کہ چین حال ہی میں بلوچستان میں ہونے والے حملوں کی مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چین ان حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
لین جیان نے کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے، یک جہتی جاری رکھنے اور سماجی استحکام اورعوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمیشہ پاکستان سے بھرپور تعاون کرے گا۔
پاکستان میں چین کے سفارت خانے کی جانب سے بھی بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں چینی سفارت خانے کہا کہ ہم قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی غمزدہ ہیں اور جاں بحق شہریوں کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہیں۔
1/2 We strongly condemn the recent multiple terrorist activities in Balochistan, deeply mourn for the lives lost, and extend sincere sympathies to the bereaved families and the injured.
— Chinese Emb Pakistan (@CathayPak) February 2, 2026
بیان میں مزید کہا گیا کہ چین ہر طرح کی دہشت گردی کا مخالف ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ ہفتے کو بلوچستان کے مختلف مقامات پر دہشت گردوں کی جانب سے حملے کیے گئے تھے، جس کے نتیجے میں 15 سیکیورٹی اہلکاراور 18 عام شہری شہید ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں بتایا تھا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 177 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔
بلوچستان میں ہونے والے حملوں کی چین کے علاوہ امریکا، یورپی یونین، ایران اور دیگر کئی ممالک نے مذمت کی تھی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل