Wednesday, February 04, 2026
 

اقوامِ متحدہ کی بلوچستان حملوں کی سخت مذمت، دہشت گردی کو بزدلانہ قرار دے دیا

 



اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں “سنگین اور بزدلانہ دہشت گردی کی کارروائیاں” قرار دیا ہے۔ جاری کیے گئے ایک بیان میں سلامتی کونسل نے کہا کہ 31 جنوری 2026 کو بلوچستان بھر میں ہونے والے یہ حملے انتہائی قابلِ مذمت ہیں۔ یو این ایس سی نے حملوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین، صوبے کے گورنر اور پاکستان کے عوام سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، جبکہ زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ سلامتی کونسل کے بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر کے ساتھ عالمی امن و سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔ بیان میں زور دیا گیا کہ ان دہشت گرد حملوں میں ملوث عناصر، ان کے منصوبہ سازوں، مالی معاونین اور سرپرستوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ناگزیر ہے۔ یو این ایس سی نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی ممکن ہو سکے۔ بیان میں اس بات کو بھی دہرایا گیا کہ دہشت گردی کسی بھی صورت، کسی بھی مقصد یا جواز کے تحت قابلِ قبول نہیں۔ سلامتی کونسل نے کہا کہ تمام ریاستوں کو اقوامِ متحدہ کے چارٹر، انسانی حقوق، پناہ گزینوں کے قوانین اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف ہر ممکن اقدام کرنا چاہیے۔ UN Security Council Press Statement on Terrorist Attacks in Pakistan pic.twitter.com/EYgKCkmXhN — Permanent Mission of Pakistan to the UN (@PakistanUN_NY) February 4, 2026 اس سے قبل چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیان نے بھی بلوچستان میں ہونے والے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا رہے گا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے افسوس اور زخمیوں و متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں جاری کلیئرنس اور سرچ آپریشنز کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 197 ہو گئی ہے۔ نُشکی ضلع اور صوبے کے دیگر علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔ یہ آپریشنز ہفتے کے روز صوبے بھر میں ہونے والے مربوط دہشت گرد حملوں کے بعد شروع کیے گئے تھے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل