Loading
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 1.2 ٹن اعلیٰ کوالٹی چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی۔
اطلاع ملی تھی کہ اسحاق بلوچ نامی منشیات اسمگلر کی سرپرستی میں سرگرم بین الاقوامی گروہ بڑی مقدار میں منشیات پنجگور سے تربت منتقل کرنے والا ہے، جسے بعد ازاں مختلف ذرائع سے ساحل سمندر تک پہنچا کر سمندری راستے سے بیرون ملک اسمگل کیا جانا تھا۔
اے این ایف نے پنجگور–تربت قومی شاہراہ (ایم 8) پر مشتبہ ٹرک کو روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران ٹرک کے خفیہ خانوں سے 1200 کلوگرام (1.2 ٹن) چرس برآمد کر لی گئی جبکہ ٹرک میں سوار دو ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کے مطابق برآمد شدہ منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 66.15 ملین امریکی ڈالر ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ منشیات افغانستان سے پاکستان اسمگل کی گئی تھی، جسے بعد ازاں گوادر اور پسنی کے ساحلی علاقوں سے تیز رفتار ماہی گیر کشتیوں کے ذریعے خلیجی ممالک، یمن اور تنزانیہ منتقل کیا جانا تھا۔
اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ گروہ کے سرغنہ اسحاق بلوچ اور دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل