Wednesday, February 11, 2026
 

امریکا نے ایرانی آئل ٹینکرز ضبط کرنے کا منصوبہ بنا لیا، امریکی اخبار کا دعویٰ

 



امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے مزید ایرانی آئل ٹینکروں کو ضبط کرنے کے آپشن پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تہران کی سب سے بڑی آمدنی کے ذریعے تیل کی برآمدات کو نشانہ بنانا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرتا ہے تو ایران کی معیشت پر نمایاں دباؤ پڑ سکتا ہے تاہم اس فیصلے کو متعدد رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ سب سے بڑا خدشہ ایران کی ممکنہ جوابی کارروائی ہے جسے امریکی عہدیدار تقریباً یقینی ردعمل قرار دے رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق واشنگٹن کو اندیشہ ہے کہ ایران خطے میں امریکی اتحادیوں کے آئل ٹینکروں کو نشانہ بنا سکتا ہے یا آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھا کر عالمی تیل کی ترسیل کو متاثر کر سکتا ہے۔ ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ ایسی کسی بھی پیش رفت سے عالمی تیل منڈیوں میں شدید اتار چڑھاؤ اور خطے میں عسکری کشیدگی میں خطرناک اضافہ ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ جاری بات چیت سے کوئی معاہدہ نہ نکلا تو امریکا مشرقِ وسطیٰ میں اضافی فوجی طاقت تعینات کر سکتا ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایسی صورتحال میں امریکا کو سخت اور فیصلہ کن اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ امریکی ذرائع کے مطابق اس منصوبے پر مشاورت کی جا رہی ہے جس کے تحت خطے میں ایک اور ائیرکرافٹ کیریئر اسٹرائیک گروپ تعینات کیا جا سکتا ہے۔ اس وقت مشرقِ وسطیٰ میں یو ایس ایس ابراہم لنکن اور اس کا مکمل اسٹرائیک گروپ موجود ہے، جس میں جدید جنگی طیارے، ٹوماہاک میزائل اور دیگر بحری جہاز شامل ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل