Wednesday, February 11, 2026
 

بھارت؛ اے آئی سے بنی نامناسب ویڈیوز کو سوشل میڈیا سے 3 گھنٹوں میں ہٹانے کا حکم

 



بھارتی حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے قوانین میں اہم ترمیم کرتے ہوئے غیر قانونی یا خلافِ قانون مواد کو صرف 3 گھنٹے کے اندر ہٹانے کا حکم جاری کردیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق حکومت نے اپنی انفارمیشن ٹیکنالوجی رولز 2021 میں ترمیم کی ہے جس کے تحت سوشل میڈیا کمپنیوں کو غیر قانونی، گمراہ کن، مشتبہ یا خلافِ قانون مواد قرار دیئے جانے کے محض 3 گھنٹے کے اندر اپنے پلیٹ فارم سے ہٹانا ہوگا۔ نئے قوانین میں اے آئی سے بنے مواد کو واضح طور پر لیبل کرنے کا تقاضا بھی شامل ہے یعنی ایسی ویڈیوز، آڈیو یا تصاویر جنھیں کمپیوٹر یا کسی الگورتھم کی مدد سے تیار کیا گیا ہو انھیں صاف طور پر مخصوص نشانات کے ساتھ دکھانا ہوگا۔ ان مخصوص نشانات سے نشاندہی ہوگی یہ ویڈیو آرٹی فیشل انٹیلیجنس سے بنائی گئی ہے جس سے جعلی ویڈیوز کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ صارفین پر لازم ہوگا کہ اے آئی مواد پوسٹ کرنے سے قبل یہ بتانا لازمی ہوگا کہ آیا وہ مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کیا گیا ہے یا نہیں۔ علاوہ ازیں ایسے مواد پر خودکار ٹولز کے ذریعے جانچ کرنا اور گمراہ کن یا غیر قانونی AI مواد پر قابو پانا اب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی ذمہ داری ہوگی۔ اگر حکومت، پولیس یا عدالت کسی خاص پوسٹ یا مواد کو غیر قانونی یا خلافِ قانون قرار کرتی ہے تو اُس سوشل پلیٹ فارم کو صرف 3 گھنٹے میں اسے ہٹانا لازہوگا۔ یاد رہے کہ پہلے یہ مدت 36 گھنٹے تھی، جس میں پلیٹ فارم کو وقت ملتا تھا مگر اب یہ مدت مزید کم کردی گئی ہے۔ بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات غلط معلومات، گمراہ کن مواد، جنسی استحصال یا نقصان دہ اے آئی مواد کو روکنے کے لیے ضروری ہیں۔ اس سے عوام، خاص طور پر نوجوانوں کو نقصان پہنچانے والے ڈیپ فیک، فیک وائرل ویڈیوز، جھوٹے الزامات یا غلط دستاویزات کے پھیلاؤ کو سست کرنے میں مدد ملے گی۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل