Wednesday, February 11, 2026
 

قومی وحدت کیلئے ملک میں فوری طور پر انتخابات کیے جائیں، مولانا فضل الرحمان

 



جمیعت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ قومی وحدت اور اطمینان کے لیے ملک میں فوری انتخابات کیے جائیں۔ چارسدہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وفاق اور خیبرپختونخوا کے مابین ورکنگ ریلیشن قائم ہونا چاہیے، اس سے حکومت اور عوام کے مسائل حل ہوتے ہیں، کوئی صوبہ وفاق کی مدد کے بغیر عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور وزیر اعظم شہباز شریف کی ملاقات 3 ماہ قبل ہونی چاہیے تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا پوری دنیا میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے، دنیا غیر مستحکم ہوگی تو امریکا کی بادشاہت قائم رہے گی اور امریکا کی خواہش ہے کہ ایران اور افغانستان غیر مستحکم رہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کنٹینر میں مجھے تیل نظر نہیں آ رہا ہے۔ سربراہ جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ قومی وحدت اور اطمینان کے لیے ملک میں فوری طور پر انتخابات کیے جائیں، الیکشن کے نتائج بدلنا اب کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلط چیزوں کے خلاف اکثر خطرناک ردعمل آتا ہے، ہمیں احتیاط کے ساتھ اپنی حد میں رہنا ہوگا، دھاندلی کے نتیجے میں بننے والے حکومتیں صرف دعوے کر سکتی ہیں کام نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت امن و امان لا سکتی ہے نہ ہی معاشی استحکام، پارلیمنٹ پر عوام کو اعتماد نہیں رہا،  ہماری حکومت بھیک مانگ کر گزارہ کرتی ہے، ایف اے ٹی ایف اور عالمی مالیاتی اداروں نے ہمیں یرغمال کیا ہے۔ سربراہ جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ پاکستان کی تقسیم کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا، بلوچستان اور پختونخوا کے عوام کے حقوق پر بات ہونی چاہیے۔ مولانا فضل الرحمان نے سابق سفیر اور جمعیت لائرز فورم کے صوبائی صدر جلال الدین ایڈوکیٹ کی وفات پر ان کے بیٹے مدثر جلال سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی اور اس موقع پر سینٹر مولانا عطاالحق درویش، مولانا عبدالحسیب حقانی، عبیداللہ انور ایڈووکیٹ، فاروق خان آفریدی ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل