Friday, February 20, 2026
 

رمضان کے آتے ہی ڈاکٹر عامر لیاقت کی یاد اور تازہ ہوجاتی ہے؛ سابق اہلیہ آبدیدہ

 



مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کی سابق اہلیہ بشریٰ اقبال یکم رمضان کو ایک ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئیں اور یادیں تازہ کیں۔ بشریٰ اقبال نے اداکار و میزبان فیصل قریشی کے پروگرام میں ڈاکٹر عامر لیاقت پر تیار کردہ ویڈیو پیکج دیکھتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب کی وفات کے بعد وہ کسی بھی رمضان ٹرانسمیشن میں شریک نہیں ہوئیں تاہم کئی برس بعد آج اس پروگرام میں صرف اس لیے آئیں کیونکہ یہاں عامر لیاقت کو بانی اور پیش رو کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔ بشریٰ اقبال نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ڈاکٹر عامر لیاقت کے تعلیمی دور سے لے کر کامیابی تک ان کی ساتھی رہیں اور ان کے ساتھ بے شمار یادیں وابستہ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ ویڈیو پیکج دیکھتے ہی ساری یادیں ایک بار پھر ذہن میں تازہ ہو گئیں اور خود کو سنبھالنا مشکل ہو گیا۔ بشریٰ اقبال نے کہا کہ رمضان ٹرانسمیشن کا آغاز بھی ڈاکٹر عامر لیاقت نے کیا تھا جو آج ایک کامیاب روایت بن چکا ہے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین 2022 میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے۔ وہ اپنی زندگی کے آخری دنوں میں شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔ مبینہ طور پر اس کی وجہ ان کی تیسری اہلیہ تھیں جن سے شادی کے بعد ہی ایک نہایت نازیبا ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس سے ڈاکٹر صاحب دل برداشتہ تھے۔ عامر لیاقت کی پہلی شادی بشریٰ اقبال سے ہوئی جن سے دو بچے ہیں اور یہ شادی طویل عرصے چلی۔ انھوں دوسری شادی طوبیٰ اور پھر ان سے طلاق کے بعد تیسری شادی دانیہ شاہ سے کی۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل