Loading
شوبز کی چکاچوند دنیا جو ساتھی فنکاروں کے ایک دوسرے پر طنزیہ جملوں سے سجی رہتی ہے لیکن یہ کبھی کبھی تلخ بھی ہوجاتی ہے۔
سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو اپنے حسن و خوبصورتی کے ساتھ ڈراموں اور فنکاروں پر اپنے تنقیدی تجزیوں کے باعث بھی شہرت رکھتی ہیں۔
وہ بغیر لگے لپٹی کہہ گزرتی ہیں جس پر کبھی تو فضا پُرمزاح ہوجاتی ہے لیکن کبھی معاملہ نازک ہوجاتا ہے اور ساتھی فنکار بے باک تبصروں پر ان سے ناراض ہوجاتے ہیں۔
ایسا ہی ایک معاملہ اُس وقت شروع ہوا جب عتیقہ اوڈھو نجی ٹی وی شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں جس کے دوران میزبان نے انھیں چند اداکاروں کی تصاویر دکھائیں۔
میزبان نے عتقیہ اوڈھو سے کہا کہ اسکرین پر آپ کو جن اداکاروں کی تصویر دکھائی جائے آپ ان کو کیا مشورہ دینا چاہیں گی۔
اسکرین پر فہد مصطفیٰ کی تصویر نظر آتی ہے جس پر عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ میں مشورہ دوں گی کہ اب فہد کو اپنی عمر کی اداکاراؤں کے ساتھ یعنی خواتین کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔
اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ جو ان دنوں اپنی فلم کی پروموشن میں مصروف ہیں اور ایک معروف پروگرام کے ہوسٹ بھی ہیں۔ عتقیقہ اوڈھو کو دلچسپ جواب دیا۔
فہد مصطفیٰ نے ہنستے ہوئے کہا کہ عتیقہ آپا شاید خود ہماری ہیروئن بننا چاہتی ہیں اور میں ضرور ان کے ساتھ کام کروں گا لیکن بس انھیں تھوڑی مزید سرجریز کرانے کی ضرورت ہے۔
سینیئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مدبرانہ پوسٹ شیئر کی اور اپنے میچیور ہونے کا ثبوت دیا جسے سوشل میڈیا صارفین نے بے پناہ سراہا۔
عتیقہ اوڈھو نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ دوستو، آئیے اس معاملے کو مزید نہ بڑھائیں۔ فہد ایک باصلاحیت اور محنتی پروفیشنل ہیں۔ انھوں نے جذبات میں آ کر ردِعمل دیا، اور مجھے افسوس ہے کہ ہم عوامی شخصیات ہلکے پھلکے انداز میں بھی کچھ کہیں تو ہمیں تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ معاف کریں اور آگے بڑھیں۔
اسی پوسٹ کے ساتھ شیئر کیے گئے کارڈ میں عتیقہ اوڈھو نے معاملے کی مزید وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ سوشل میڈیا کے ساتھ جینا ایک نیا تجربہ ہے اور ایک حالیہ انٹرویو میں ان کا تبصرہ شاید فہد مصطفیٰ کے جذبات کو ٹھیس پہنچا گیا جس پر انہوں نے جذباتی ردِعمل دیا۔
کارڈ میں مزید لکھا تھا کہ اگر ان کی کسی بات سے فہد مصطفیٰ یا کسی اور کو غیر ارادی طور پر دکھ پہنچا ہے تو وہ معذرت خواہ ہیں۔ عتیقہ اوڈھو کے مطابق مشکل اور غیر یقینی حالات میں ہمیں ایک دوسرے کو سہارا دینا چاہیے نہ کہ معاملات کو مزید الجھانا۔
اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ میڈیا انڈسٹری میں اپنے دوستوں کے لیے ہمیشہ نیک نیتی رکھتی ہیں اور کسی کو نقصان پہنچانا ان کا مقصد نہیں ہوتا۔
کارڈ کے اختتام پر انہوں نے لکھا کہ ہم سب انسان ہیں، غلطی انسان سے ہی ہوتی ہے، اس لیے بہتر ہے کہ ہم آگے بڑھیں اور آنے والے دنوں کے لیے بہتری کی دعا کریں۔
سوشل میڈیا صارفین نے عتیقہ اوڈھو کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے تدبر اور بردباری کا ثبوت دیا ہے۔ آپ نے اپنے سینیئر ہونے کا حق ادا کردیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل