Tuesday, February 24, 2026
 

سب سے زیادہ سبسکرائبرز رکھنے والے یوٹیوبر مسٹر بیسٹ عجیب و غریب بیماری میں مبتلا

 



دنیا کے مقبول ترین اور سب سے زیادہ سبسکرائبرز رکھنے والے یوٹیوبر مسٹر بیسٹ ایک نایاب بیماری کا شکار ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جمی ڈونلڈسن المعروف مسٹر بیسٹ نے بتایا کہ اس بیماری کے باعث وہ دائیں آنکھ سے تقریباً نابینا ہوگئے ہیں۔ انھوں نے انکشاف کیا ہے کہ بہتر طور پر دیکھنے کے لیے مجھے اکثر آنکھیں سکیڑنی پڑتی ہیں اور کانٹیکٹ لینس استعمال کرنے کے باوجود بھی نظر پوری طرح صاف نہیں ہوتی۔ مسٹر بیسٹ نے اپنی بیماری کا نام کھل کر نہیں بتایا تاہم انھوں نے بتایا کہ یہ مسئلہ طویل عرصے سے موجود ہے اور روزمرہ سرگرمیوں کے لیے خاصی دقت کا سامنا رہتا ہے۔ ماہرینِ امراضِ چشم کا کہنا ہے کہ مسٹر بیسٹ کی بتائی گئی علامات ایک نایاب جینیاتی مرض اسٹارگارڈٹ ڈیزیز سے مماثلت رکھتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بیماری عام طور پر بچپن یا نوجوانی میں شروع ہوتی ہے اور آنکھ کے اس حصے کو متاثر کرتی ہے جو مرکزی اور صاف نظر کے لیے استعمال ہوتا ہے لیکن اطراف کی نظر اکثر محفوظ رہتی ہے۔ طبی ماہرین نے بتایا کہ یہ ایک موروثی بیماری ہے جس میں مخصوص جینیاتی خرابی کے باعث آنکھ کے اندر زہریلا مادہ جمع ہونے لگتا ہے جس کے نتیجے میں آہستہ آہستہ مرکزی بینائی متاثر ہو جاتی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق فی الحال اس بیماری کا مکمل علاج موجود نہیں تاہم جین تھیراپی سمیت جدید علاج پر تحقیق جاری ہے۔ ماہرین یہ بھی مشورہ دیتے ہیں کہ وٹامن اے کی زیادہ مقدار نقصان دہ ہو سکتی ہے جبکہ دھوپ میں نکلتے وقت یو وی پروٹیکشن چشمہ پہننا آنکھوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہے۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل