Loading
وفاقی دارالحکومت میں قائم غیر رجسٹرڈ نجی تعلیمی اداروں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم نجی اداروں کو فوری رجسٹریشن کے لیے دو ماہ کی مہلت اور پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) نے رجسٹریشن کی تجدید میں تاخیر والے اداروں کو ون ٹائم ایمنسٹی دیتے ہوئے رینول فیس میں 30 اپریل تک توسیع دے دی ہے۔
چیئرمین ڈاکٹر غلام علی ملاح کی زیر صدارت اہم اجلاس میں غیر رجسٹرڈ اور تجدید کے منتظر نجی تعلیمی اداروں کے مسائل اور اسلام آباد بھر کے نجی اسکولوں میں طلبہ کے اندراج کے اعداد و شمار کی تیاری و تجزیے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں کے نمائندگان، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اور پیرا کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کا بنیادی مقصد ڈیٹا جمع کرنے کے نظام کو بہتر بنانا اور نجی تعلیمی اداروں میں طلبہ کے اندراج کے ریکارڈ کی درستی اور تصدیق یقینی بنانا تھا۔
شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ڈاکٹر غلام علی ملاح نے شفافیت کے فروغ، باخبر فیصلوں اور مؤثر ضابطہ کاری کے لیے مستند اور تصدیق شدہ ڈیٹا کی اہمیت پر زور دیا۔
اجلاس کے دوران نجی تعلیمی اداروں کے نمائندگان نے درخواست کی کہ تجدید کے معاملات میں تاخیر کے باعث عائد جرمانوں کے سلسلے میں ایک مرتبہ کی عام معافی دی جائے، مزید یہ کہ ایسے اداروں کو رجسٹریشن یا تجدید رجسٹریشن کی درخواستیں جمع کرانے کے لیے دو ماہ کی مہلت دی جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر غلام علی ملاح نے بتایا کہ آئی سی ٹی پیرا نے تاخیر سے تجدید کی درخواستیں جمع کرانے والے نجی تعلیمی اداروں کو ایک مرتبہ کی عام معافی دے دی ہے، یہ معافی یکم مارچ 2026 سے 30 اپریل 2026 تک مؤثر ہوگی تاکہ ایسے اداروں کو ضابطہ جاتی دائرے میں لایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا تاکہ طلبہ کے اندراج کے ریکارڈ کی درستی اور تصدیق یقینی بنائی جا سکے اور اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کو فروغ دیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ نجی تعلیمی اداروں کے نمائندگان اپنے اپنے علاقوں میں قائم غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کی فہرستیں فراہم کریں گے تاکہ انہیں ضابطہ جاتی نظام میں شامل کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کی تجدید ہر سال 30 اپریل تک دی جائے گی، چاہے رجسٹریشن یا تجدید کی سابقہ تاریخِ معیاد کچھ بھی ہو۔
چیئرمین نے متنبہ کیا کہ اگر ان ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری نجی تعلیمی ادارہ جات (رجسٹریشن و ریگولیشن) ایکٹ 2013 کی دفعہ 19 بمعہ دفعہ 13 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل