Loading
راہ چلتی بہنوں سے ڈکیتی کی واردات کے دوران بہادر لڑکی نے بھرپور مزاحمت کی، جس کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ وارث خان کے علاقے محلہ قطب الدین میں ڈکیتی کی سنگین واردات پیش آئی جہاں مسلح ڈاکو راہ چلتی بہنوں سے 3 موبائل فون اور پرس چھین کر فرار ہوگیا جبکہ واردات کے دوران ملزم فائرنگ بھی کرتا رہا۔
ڈکیتی کی واردات کے دوران بہادر لڑکی نے مزاحمت کرتے ہوئے ملزم کو قابو کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس کو مقدمہ درج کراتے ہوئے تیلی محلہ کی رہائشی ماہ نور عثمان نے بتایا کہ وہ اپنی بہن کے ساتھ کمرشل مارکیٹ سے شاپنگ کرکے واپس آ رہی تھی۔ جب وہ محلہ قطب الدین پہنچیں تو ایک مسلح شخص نے ان کا بیگ چھیننے کی کوشش کی جس میں 3 بیش قیمت موبائل فون، نقدی اور کارڈ وغیرہ موجود تھے۔
انہوں نے مزاحمت کرتے ہوئے اسے روکنے کی کوشش کی تو ملزم نے فائرنگ شروع کردی اور موبائل فون اور بیگ چھین کر فرار ہوگیا۔
دوسری جانب واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے جس میں لڑکی کو بہادری سے پستول کی پروا کیے بغیر ڈاکو سے مزاحمت کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹیج میں ملزم کو لڑکی کو زمین پر گرا کر اس سے موبائل فون اور پرس چھینتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ جب لڑکی زمین پر گرتی ہے تو اس کی بہن اسے بچانے کے لیے آگے بڑھتی ہوئی نظر آتی ہے۔
شدید مزاحمت کے دوران ڈاکو فائرنگ بھی کرتا ہے اور گولیاں زمین پر لگتی ہوئی بھی دیکھی جا سکتی ہیں جبکہ ملزم کے فرار ہونے پر بہادر لڑکی کو اس کے تعاقب میں بھاگتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
بہادر لڑکی کو ڈاکو کے پیچھے بھاگتے دیکھ کر راہگیر بھی ملزم کے تعاقب میں جاتے دکھائی دیتے ہیں ، تاہم مسلح ڈاکو فائرنگ کرتا ہوا گلیوں میں سے فرار ہوتا نظر آتا ہے۔
واقعے کا سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے نوٹس لے لیا، جس کے بعد پولیس نے ملزم کے خلاف فوری مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ لڑکی پرائیویٹ ملازمت کرتی ہے جبکہ ملزم کی شناخت کی جا رہی ہے۔ ہیومن انٹیلیجنس اور ٹیکنالوجی کی مدد سے مختلف ٹیمیں ملزم کو ٹریس کرنے میں مصروف ہیں اور جلد اسے گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل