Loading
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیول کی بچت اور کفایت شعاری مہم کے تحت اہم اقدامات کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں ہفتہ وار 4 دن کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیر سے جمعرات تک کام ہوگا جبکہ جمعہ سے اتوار تک تعطیلات ہوں گی، تاہم عملہ کال اور واٹس ایپ پر دستیاب ہوگا جسے اسٹیشن چھوڑنے کیلیے اجازت درکار ہوگی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کی تمام معزز عدالتیں 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ کام کریں گی، رجسٹرار اور ایم آئی ٹی ہفتہ وار بنیادوں پر گھر سے کام کریں گے۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ کورٹس پیر سے جمعرات تک مکمل کام کریں گی، ڈسٹرکٹ ججز جمعہ اور ہفتہ کو ارجنٹ کرمنل اور سول کیسز کے لیے ڈیوٹی ججز تعینات کریں گے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق صرف ضمانت قبل از گرفتاری، بعد از گرفتاری اور حبس بے جا ، حکم امتناعی، فوری نوعیت کے دیگر ارجنٹ کیسز اور کورٹ کے فکس کردہ کیسز کی سماعت ہوگی۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ توانائی بچت اقدامات کے تحت اسلام آباد ہائیکورٹ کی آفیشل گاڑیوں کے لیے فیول کی فراہمی میں 50 فیصد کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی سرکاری گاڑیوں کے فیول میں 25 فیصد کمی کر دی گئی۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کی حدود میں ہائیکورٹ ججز اور جوڈیشل افسران کوئی سیکیورٹی وہیکل استعمال نہیں کریں گے جبکہ وکلا کے لیے ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت کی سہولت دستیاب ہوگی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل