Loading
اسرائیل کی وزارتِ انصاف کے پارڈن ڈپارٹمنٹ نے وزیراعظم نیتن یاہو کو کرپشن کیسز میں صدارتی معافی دینے کی سفارش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
عبرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارتِ انصاف کے پارڈن ڈپارٹمنٹ نے اپنی قانونی رائے مکمل کرنے کے بعد اسے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کو بھیج دی۔
یہ دستاویز وزیرِ انصاف کی ہدایت پر وزیرِ ثقافت و ورثہ کو دی گئی ہے جو صدارتی دفتر تک باضابطہ کارروائی مکمل کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق وزارتِ انصاف کے پارڈن ڈپارٹمنٹ نے اپنی رائے میں کہا ہے کہ وزیراعظم کی معافی کی درخواست قانونی تقاضوں پر پوری نہیں اترتی اس لیے معافی دینا مشکل ہوگا۔
خیال ہے کہ نیتن یاہو کے خلاف مقدمہ ابھی زیرِ سماعت ہے اور انہیں ابھی تک کسی جرم میں سزا نہیں سنائی گئی۔
علاوہ اسرائیلی وزیراعظم نے اپنی معافی کی درخواست میں نہ تو جرم کا اعتراف کیا ہے اور نہ ہی کسی قسم کے پچھتاوے کا اظہار کیا ہے جو قبل از وقت معافی کے لیے اہم شرط سمجھی جاتی ہے۔
اسرائیل کی ہائی کورٹ پہلے ہی یہ قرار دے چکی ہے کہ کسی شخص کو سزا سے پہلے بھی معافی دی جا سکتی ہے لیکن اس کے لیے شرط ہے کہ درخواست گزار اپنے جرم کا اعتراف کرے۔
ادھر امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسرائیلی صدر پر نیتن یاہو کو معافی دینے کے لیے دباؤ ڈالنے کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔
تاہم صدر اسحاق ہرزوگ نے واضح کردیا تھا کہ وہ اس معاملے پر فیصلہ کسی بیرونی دباؤ کے بغیر اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے کریں گے۔
نیتن یاہو کرپشن کیس: مختصر تاریخ
سب سے پہلے 2019 میں اسرائیلی پراسیکیوٹر جنرل نے نیتن یاہو پر رشوت، فراڈ اور اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے الزامات عائد کیے تھے۔
اگلے ہی برس تل ابیب ڈسٹرکٹ کورٹ میں اسرائیلی وزیراعظم کے خلاف باقاعدہ مقدمے کی سماعت شروع ہوئی تھی۔
جس کے بعد 5 برسوں تک ہونے والی مختلف سماعتوں میں ٹھوس شواہد بھی پیش کیے گئے لیکن نیتن یاہو ان تمام الزامات سے انکاری رہے۔
البتہ 2025 میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے خلاف جاری کرپشن مقدمے کے دوران صدارتی معافی کی درخواست دائر کی تھی۔
جس پر ملک بھر میں متضادات رائے سامنے آئی تھیں اور اب وزارتِ انصاف کے پارڈن ڈپارٹمنٹ نے نیتن یاہو کی معافی کی سفارش نہ کرنے کی قانونی رائے تیار کر لی تاہم حتمی فیصلہ صدر اسحاق ہرزوگ کریں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل