Thursday, March 12, 2026
 

پاکستان میں 5G اسپیکٹرم نیلامی، مقامی اور عالمی سرمایہ کاری میں تاریخی اضافہ

 



ایس آئی ایف سی کی مؤثر حکمتِ عملی کے ثمرات سامنے آنے لگے، جس کے سبب پاکستان میں مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں واضح اضافہ ہونے لگا ہے۔ پاکستان کی 5G اسپیکٹرم نیلامی تقریباً 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ کامیابی سے مکمل ہوئی۔ نیلامی میں کامیاب بولی دہندگان میں زونگ (چائنا موبائل)، یوفون (اتصالات) اور جاز (ویون گروپ) شامل ہوئے۔ مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے اس موقع پر کہا کہ یہ نیلامی پاکستان میں ٹیلی کام اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی واضح علامت ہے، موجودہ غیر ملکی کمپنیوں کی نئی سرمایہ کاری پاکستان کی معیشت اور اصلاحاتی عمل پر بڑھتے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ خرم شہزاد نے کہا کہ اس سے قبل پی آئی اے میں 645 ملین ڈالر کی نجکاری مقامی سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کا اہم عندیہ ہے، پی آئی اے کی نجکاری سے فضائی رابطے مضبوط ہوں گے جبکہ 5G اسپیکٹرم نیلامی سے ڈیجیٹل معیشت اور تیز رفتار انٹرنیٹ کو فروغ ملے گا۔ مشیر وزیر خزانہ نے کہا کہ نیلامی میں کامیاب کمپنی جاز (ویون گروپ) نے آئندہ تین سال کے دوران پاکستان میں  مزید 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ مقامی اور عالمی سرمایہ کاری میں تسلسل ملکی معیشت کی بحالی اور طویل المدتی استحکام کی ضمانت ہے۔ پاکستان کی معیشت میں یہ مثبت پیش رفت ایس آئی ایف سی کی مؤثر معاشی پالیسیوں اور اصلاحاتی وژن کا عملی ثمر ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل