Thursday, March 12, 2026
 

تاریخی قائداعظم لائبریری کی ڈیجیٹلائزیشن کے بڑے منصوبے کا آغاز

 



تاریخی قائداعظم لائبریری کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اس کی ڈیجیٹلائزیشن کا بڑا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس منصوبے کے تحت آئندہ دو سے تین برسوں میں لائبریری کے بیشتر علمی و تحقیقی ذخیرے کو آن لائن دستیاب بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ لائبریری میں “جناح کارنر” کے قیام کا منصوبہ بھی مکمل کر لیا گیا ہے جس کا افتتاح عیدالفطر کے بعد متوقع ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب لائبریریز کاشف منظور نے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ قائداعظم لائبریری نہ صرف لاہور بلکہ ملک کی اہم ریفرنس اور تحقیقی لائبریریوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں اس وقت تقریباً پونے دو لاکھ کتابیں موجود ہیں جبکہ لاکھوں آن لائن تحقیقی وسائل تک بھی رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے جاری منصوبے کے تحت لائبریری کے ذخیرے کو مرحلہ وار ڈیجیٹل شکل میں منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ محققین اور طلبہ دنیا کے کسی بھی حصے سے اس علمی سرمایہ سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ عمارت کی تاریخ انیسویں صدی کے وسط تک جاتی ہے اور یہ عمارت ابتدائی طور پر جم خانہ کے طور پر استعمال ہوتی رہی۔ بعد ازاں جم خانہ کو زفر علی روڈ منتقل کر دیا گیا اور یہ عمارت سول سروسز اکیڈمی کے زیر استعمال رہی جبکہ مارشل لا کے دوران یہاں فوجی دفاتر بھی قائم رہے۔ بعد میں 1984 میں اس عمارت کو باقاعدہ لائبریری میں تبدیل کر کے عوام کے لیے کھول دیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب لائبریریز کے مطابق قائداعظم لائبریری بنیادی طور پر ریفرنس اور ریسرچ لائبریری ہے جہاں انسائیکلوپیڈیا اور دیگر تحقیقی مواد خاص طور پر محققین کے لیے فراہم کیا جاتا ہے۔ تاہم سی ایس ایس اور پی ایم ایس سمیت دیگر مقابلے کے امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ بھی بڑی تعداد میں یہاں آتے ہیں اور علمی ماحول سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ دوسری جانب لائبریری سے استفادہ کرنے والے طلبہ کا کہنا ہے کہ یہاں دستیاب کتابی ذخیرہ انہیں مستند معلومات فراہم کرتا ہے۔ سی ایس ایس کے امیدوار غلام مرتضیٰ کے مطابق آن لائن بہت سا مواد موجود ہوتا ہے لیکن اس کی درستگی پر سوال اٹھتا ہے جبکہ کتابوں میں مستند حوالہ جات مل جاتے ہیں۔ طالبہ صبا احمد کے مطابق کئی سرکاری دستاویزات، ریکارڈ اور نایاب کتب اب بھی آن لائن دستیاب نہیں ہیں اس لیے تحقیقی اور تعلیمی مقاصد کے لیے لائبریری آج بھی معلومات کے حصول کا ایک اہم اور قابل اعتماد ذریعہ ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل