Saturday, March 14, 2026
 

شرجیل میمن کی عید پر زائد کرایے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف بھرپور مہم کی ہدایت

 



سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے عیدالفطر کے موقع پر زائد کرایے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف بھرپور مہم شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ سینئر وزیر شرجیل میمن نے پولیس، تمام اضلاع کی انتظامیہ، این ایچ اے، ٹریفک پولیس اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض ٹرانسپورٹرز کی جانب سے خودساختہ طور پر کرایوں میں اضافہ مسافروں پر اضافی مالی بوجھ ڈال دیتا ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور بغیر اجازت کرایوں میں اضافے کو روکنا متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ سینئر وزیر نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں اور روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کی رپورٹ محکمے کو ارسال کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسافروں کو سرکاری مقررہ کرایوں پر محفوظ اور سہل سفر کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں متحرک رہیں اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنائیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل