Monday, March 16, 2026
 

کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کب ہو گی؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

 



شہر قائد میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کے حوالے سے محمکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی سامنے آ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق بدھ کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اورژالہ باری کا امکان ہے۔ پیشگوئی کے تحت مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا،جس کے اثرات سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی محسوس کیے جائیں گے۔ اعلامیے کے مطابق جامشورو، حیدرآباد، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، عمرکوٹ، تھرپارکر، سانگھڑ، میرپورخاص، نوشہروفیروز، شہید بینظیرآباد، دادو میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ اسی طرح لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، شکارپور، جیکب آباد، کشمور، گھوٹکی اور سکھر میں 18 اور 19 مارچ کے دوران وقفے وقفے سے آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران بعض علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آسکتے ہیں۔ کسانوں کو موجودہ موسمی صورتحال کے مطابق اپنی فصلوں کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو شہر میں بلوچستان کی شمال مغربی سمت کی ہوائیں چلنے کے سبب گرم وخشک موسم ریکارڈ ہوا،دوپہر کے وقت گرم ہواوں کے تھپیڑے چلے،جس کے نتیجے میں گرمی محسوس کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 17 فیصد رہا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل